حیدرآباد۔ یکم دسمبر(یواین آئی)نئی امیدوں کے ساتھ نئی زندگی کی شروعات کرنے کی کوشش کے دوران پیش آئے تلخ تجربہ نے ان امیدوں پر پانی پھیر دیا اور یہ امیدیں ٹوٹ گئیں کیونکہ نئی نویلی دلہن کی موت دل کادورہ پڑنے سے ہوگئی۔یہ واقعہ اے پی کے ضلع سریکاکلم میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق دمینتی کی شادی جی سریش کے ساتھ ہوئی تھی۔وہ وداعی کے بعد اپنے سسرالی مکان پہنچی تاہم مکان میں پہنچنے کے فوری بعد وہ اچانک گر پڑی۔اس کو فوری طورپر اسپتال منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹرس نے معائنہ کرنے کے بعد اس کو مردہ قرار دیا۔اس طرح شادی کا گھر ماتم کدہ میں تبدیل ہوگیا۔اس بات کی اطلاع دمینتی کے ارکان خاندان کو بھی دی گئی جو وہاں پہنچے ۔اس واقعہ نے دونوں خاندانوں کے تمام ارکان کو صدمہ سے دوچار کردیا اور دونوں کے مواضعات میں غم کی لہر دوڑ گئی۔دیہاتیوں کی بڑی تعداد اس واقعہ پر سریش کے مکان پہنچی۔تمام نے سریش اور اس کے سسرالی رشتہ داروں کو پُرسہ دیا۔