نئی صنعتوں میں مقامی افراد کو 80 فیصد ملازمتوں کی فراہمی

   

حکومت کی جانب سے مختلف رعایتیں، الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ
حیدرآباد : تلنگانہ حکومت نے نئی صنعتی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے مقامی افراد کے لئے 80 فیصد ملازمتوں کی فراہمی کی راہ ہموار کی ہے۔ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں نئی پالیسی کو منظوری دی گئی جس کے تحت سیمی اسکلڈ ورکرس کیلئے 80 فیصد اور ماہر اور اہلیت رکھنے والے زمرہ میں 60 فیصد روزگار مقامی افراد کو فراہم کیا جائے گا ۔ ریاست میں قائم ہونے والی نئی صنعتوں کے لئے یہ پالیسی قابل عمل رہے گی جس کے بعد انہیں حکومت کی جانب سے مختلف رعایتیں دی جائیں گی۔ نئی صنعتوں میں مقامی افراد کو زائد روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی آر نے پالیسی کا مسودہ کابینہ میں پیش کیا جسے منظور کرلیا گیا ۔ چیف منسٹر نے حال ہی میں محکمہ انڈسٹریز کو ہدایت دی تھی کہ مقامی افراد کو روزگار کی فراہمی کے امکانات تلاش کریں ، خاص طور پر نئی صنعتوں میں مقامی نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں۔ کابینہ کا احساس ہے کہ آئی ٹی انڈسٹری صرف حیدرآباد تک محدود نہ رہے بلکہ شہر اور ریاست کے مختلف علاقوں میں آئی ٹی انڈسٹریز قائم کی جائے۔ کابینہ نے ریاست میں الیکٹریکل گاڑیوں کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آلودگی کو کم کیا جاسکے۔ ریاست میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ حکومت کی جانب سے مختلف رعایتیں فراہم کی جائیں گی ۔ کابینہ نے تلنگانہ اسٹیٹ الیکٹرانک وہیکلس اینڈ اینرجی اسٹوریج پالیسی کو منظوری دی ہے۔