نئی دہلی: مرکزی کابینہ میں ردوبدل اور نئے وزراء کی شمولیت کے بعد نئی کابینہ کا آج پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے 23,123 کروڑ روپئے کے کوویڈ پیاکیج کا اعلان کیا گیا۔ اس رقم کا استعمال مشترکہ طور پر مرکز اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے کیا جائے گا۔ نئے مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویا نے کابینی اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے کہا ہے کہ اے پی ایم سیز کو مزید وسائل فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فارمرس انفرااسٹرکچر فنڈ کیلئے آتما نربھر بھارت کے تحت ایک لاکھ کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں اور یہ رقم اے پی ایم سیز کی جانب سے استعمال کی جائے گی۔ قبل ازیں آج دن میں نئے وزراء نے اپنے عہدوں کاجائزہ لیا اور ملک میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ویژن کو پورا کرنے کا عہد کیا۔کل 43 وزراء کو راشٹر پتی بھون میں حلف دلایا گیا جس کے بعد نئے وزراء میں وزارتوں اور قلمدانوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو نئی وزارت امداد باہمی کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔ اشوینی ویشنو کو ریلویز کے علاوہ کمیونیکیشنس اینڈ الکٹرانک اور انفارمیشن ٹکنالوجی کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ کرن رجیجو نئے وزیر قانون و انصاف ہوں گے۔