سنگاریڈی میں ادارہ ادب اسلامی کے زیر اہتمام مشاعرہ، جناب ظفر فاروقی اور دیگر کا خطاب
سنگاریڈی۔ 16 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اردو زبان کے فروغ میں شعراء کرام کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا نامساعد حالات میں بھی شعراء برادری خون جگر سے شعر ادب کی آبیاری میں منہمک ہے ان خیالات کا اظہار رکن عاملہ مجلس شوریٰ ادارہ ادب اسلامی ریاست تلنگانہ ظفرفارقی نے کیا وہ کل شب ادارہ ادب اسلامی سنگاریڈی کیزیر اہتمام جلال باغ میں واقع اسلامک سنٹر میں منعقدہ ریاستی مشاعرہ سے مخاطب تھے۔انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ نسل نو کو ایسی محافل سے جوڑنا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ اردو زبان قائم و دائم رہے اور اردو سے نئی نسل کو انسیت پیدا ہوجائے ۔انہوں مزید کہا کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ان دنوں اضلاع میں بھی شعر سخن کی محفلیں آراستہ ہورہی ہیں جوکہ خوش آئند بات ہے۔ظفر فاروقی نے تمام شعراء کو معیاری کلام کی پیش کشی پر مبارکباد بھی دی۔مشاعرہ کا آغازحافظ محمد عامر کی قرأت کلام پاک و ترجمانی سے ہوا سید جہانگیر حسین نے نعت رسول پاکؐ کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔محمد معز الدین صدر ادارہ ادب اسلامی سنگاریڈی نے افتتاحی کلمات ادا کئے۔ صدر مشاعرہ کے علاوہ مہمان شعراء رفیع اللہ رفیع ,طاہر گلشن آبادی،سیف نظامی،اقبال درد، سیف الدین غوری سیف، سعداللہ خان سبیل،فیاض علی سکندر، رفیق جگر،عبدالرافع التمش،حکیم سید امجد تحریم نے اپنے مرصع کلام سے سامعین کو محظوظ کیا میزبان شعراء میں محمد محمود علی اسیر، وحید حیدری، مختار حسین راوی، قمرالدین بخاری، محمد معز الدین معز، حشمت خان نے اپنا کلام پیش کرکے داد و تحسین پائی۔اس موقع پر ممتاز این آر آئی محمد ہاشم , محمد طاہرلکچرر گورنمنٹ جونیر کالج کے علاوہ باذوق سامعین کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی۔ مشاعرہ رات دیر گئے کنونیر مشاعرہ محمد معز الدین کے شکریہ پر اختتام پذیر ہوا۔