کار کے علاوہ سیکل، کنول اور دیگر تصاویر بھی ستونوں میں شامل، عہدیداروں کی وضاحت
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) اسپیشل آفیسر یادادری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کشن راؤ اور یادادری مندر کے آرکیٹکٹ آنند سائی نے وضاحت کی ہے کہ مندر کے ستونوں پر کے سی آر کی تصویر کے نقش کے بارے میں کسی نے ہدایت نہیں دی۔ ستونوں پر کے سی آر اور کار کی تصویر کے تنازعہ پر وضاحت کرتے ہوئے کشن راؤ نے کہاکہ آنے والی نسلوں کو واقف کرانے کیلئے یہ تصاویر شامل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہوبلم مندر میں گاندھی اور نہرو کی تصاویر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یادادری مندر میں جملہ 5000 ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستونوں پر صرف کار کی تصویر نہیں بلکہ سیکل، بیل بنڈی اور کھیت میں استعمال کئے جانے آلہ ہل کا نقش بھی موجود ہے۔ تلنگانہ کی تہذیب اور روایات سے مربوط تصاویر کو ستونوں پر نقش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسے عالمی سطح کے مرکز کے طور پر ترقی دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی تصویر شامل کرنے کیلئے انہیں کسی جانب سے ہدایت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیف منسٹر کی تصویر پر اعتراض ہے تو اسے ہٹانے کی کوشش کی جائے گی۔ کشن راؤ نے کہا کہ اس مسئلہ پر اخبارات میں خبروں کی اشاعت سے انہیں تکلیف پہنچی ہے۔ کے سی آر کو شلپی بھگوان کی طرح پیش کرتے ہوئے ان کی تصویر کو شامل کیا گیا۔ ستونوں پر کنول، سیکل، بیل بنڈی اور اس طرح کی کئی دیگر تصاویر کو شامل کیا گیا ہے۔