کریم نگر میں جمعیتہ الحفاظ کا تربیتی اجلاس اور تعلیمی جائزہ ، مولانا محمد عمر فاروق قاسمی و دیگر علماء کا خطاب
کریم نگر 03/جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )جمعیتہ الحفاظ کریم نگر کے زیر اہتمام 3 جنوری بروز چہارشنبہ ماہانہ اجلاس و تربیتی پروگرام حافظ احمد منقبت شاہ خان صدر قاضی و صدر جمعیتہ الحفاظ کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس کا آغاز قرات کلام پاک سے ہوا ، بعد ازاں جمعیتہ الحفاظ کی نگرانی میں خدمت انجام دینے والے معلمین کیلئے تربیتی نشست کا آغاز ہوا ، پہلی نشست میں حافظ احمد علی نے تمام معلمین کا جائزہ لیا اور نورانی قاعدہ کس طرح پڑھایا جائے، قواعد کو کیسے رٹایا جائے ۔ اس پر تفصیل سے روشنی ڈالی دوسری نشست میں ماہر تجوید حافظ وقاری محمد معظم حسین فیضی خازن جمعیتہ الحفاظ نے معلمین کا جائزہ لیا اور کہا کہ ہر زبان کو جب ہی صحیح بولنا کہا جائے گا جب کہ وہ اہل زبان کے طریقے پر ہو، قرآن مجید چوں کہ عربی زبان میں نازل ہوا ہے ۔ اسی لئے قرآن کو عربی لہجہ میں پڑھنا ضروری ہے اور ترتیل کے ساتھ حروف کی درست ادائیگی کا اہتمام ہونا چاہیے ۔ مولانا محمد عمر فاروق قاسمی خلیفہ پیر ذوالفقار احمد نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دور حاضر میں تعلق مع اللہ قائم کرنا نہایت ضروری ہے اور اللہ سے تعلق سے محبت پیدا ہوتی ہے اور ایمان والے اللہ سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں اور اس محبت کو پروان چڑھانے کا ذریعہ اللہ کا ذکر ہے اور ذکر بھی کسی اللہ والے بزرگ کی صحبت میں رہ کر اور اس سے اصلاحی تعلق قائم کرکے کریں ۔ اس سے بے انتہا فائدہ ہوگا۔ مولانا نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں نت نئے فتنے وجود میں آرہے ہیں، مسلمانوں سے ایمان جیسی عظیم دولت کو چھین لینے کی منظم کوشش کی جارہی ہے خصوصاً نئی نسل کو دین سے برگشتہ کرنے اور ان کے ذہنوں میں دین کے متعلق شکوک و شبہات کو پیدا کرنے کا کام زوروں پر ہے، ایسے پرفتن ماحول میں نئی نسل کو دین پر قائم رکھنے کیلئے مکاتب کا قیام ناگزیر ہے، لہذا اس سلسلہ میں علماء وحفاظ کو فکر مند ہونے کی ضرورت ہے، محلے کی ہر ہر مسجد میں اور دیگر آبادی والے مقامات پر مکاتب کا جال بچھانے کیلئے تگ و دو کریں، جہاں مستحکم انداز میں با تجوید قرآن کی تعلیم ہو، احادیث نبویہ اور ادعیہ یومیہ کا حفظ ہو اور عقائد دینیہ کی تفہیم ہو تب ہی جا کر نئی نسل کے ایمان کا تحفظ ممکن ہے۔ صدارتی خطاب میں حافظ احمد منقبت شاہ خان صدر قاضی و صدر جمعیتہ الحفاظ نے کہا کہ جمعیتہ الحفاظ 23 سال سے خاموشی کے ساتھ رفاہی ، فلاحی خدمات انجام دینے میں لگی ہوئی ہے اور روز قیام ہی سے جمعیتہ الحفاظ نے دیہاتوں میں بڑھتی ہوئی بے دینی کو دیکھتے ہوئے وہاں پر جید علماء وحفاظ کا تقرر کر کے مکاتب کا قیام عمل میں لایا اور فی الحال 60 سے زائد دیہاتوں میں جمعیتہ الحفاظ کی زیر نگرانی منظم انداز میں مکاتب قائم ہیں۔ حافظ محمد وسیم الدین معتمد جمعیتہ الحفاظ نے تربیتی اجلاس کے مقصد پر روشنی ڈالی اور اجلاس کی کاروائی چلائی۔ اس موقع پر حافظ ضیاء اللہ خان نائب صدر، حافظ صادق علی احمد سکریٹری، حافظ فرید الدین امجد نائب خازن، مفتی محمد شاداب تقی قاسمی موجود تھے کے علاوہ معاونین موجود تھے۔ مولانا عمر فاروق قاسمی کی دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔