وی آئی پی انٹرنیشنل اسکول میں مسلمانوں کے کردار پر پروگرام، ڈاکٹر سید ہارون و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26اگست ( راست ) وی آئی پی انٹرنیشنل اسکول ٹولی چوکی برانچ میں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام فاؤنڈیشن کی جانب سے نئی نسل کے طلباء و طالبات کو ہندوستان کی آزادی میں مسلمانوں کے کردار کی صحیح تاریخ سے روشناس کروانے کی غرض سے منعقدہ پروگرام میں وی آئی پی انٹرنیشنل اسکول کے تمام 7برانچس کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا اور ہندوستان کی آزادی میں مسلمانوں اور خصوصاً علماء کرام کی ابتدائی دو سو سالہ جدوجہد اور قربانیوں کی تاریخ کو اپنی تقاریر میں پیش کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقع پر صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام فاؤنڈیشن ڈاکٹر سید ہارون نے اپنے خطاب میں وی آئی پی انٹرنیشنل اسکول کے طلباء و طالبات کی تقریری صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی علمی استعداد کو دیکھ کر وہ بیحد متاثر ہوئے ۔ ڈائرکٹر وی آئی پی گروپ آف انسٹی ٹیوشنس جناب مجتبیٰ خان طاہر نے کہاکہ ہندوستان کی آزادی میں مسلمان مجاہدین کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ مسلمان اس ملک کے کتنے وفادار ہیں ، اس تاریخ سے نئی نسل محروم ہے ۔ آج ضرورت اس بات کی ہیکہ نئی نسل کو ہندوستان کی صحیح تاریخ سے روشناس کروایا جائے ۔ پروگرام میں فاؤنڈیشن کے ایونٹ منیجر جناب شاہ نواز کے علاوہ وی آئی پی انٹرنیشنل اسکول کے انچارجس ، ٹیچرس اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔