اُردو میڈیم اساتذہ محمد فصیح الدین اور شائمہ رانا کو بسٹ ایوارڈ ، سید عظمت اللہ حسینی و دیگر کا خطاب
گمبھی راوپیٹ، سرسلہ ۔19 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) راجَننہ سرسلہ ضلع کے گمبھی راوپیٹ میں قائم ضلع پریشد ہائی اسکول (اردو میڈیم) کے دو سینئر اساتذہ محمد فصیح الدین (اسکول اسسٹنٹ ریاضی) اور شائمہ رانا (اسکول اسسٹنٹ اردو) کو تدریسی میدان میں اُن کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے اسٹیٹ بیسٹ ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ آج حیدرآباد کے بھارتیہ ودیا بھون آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں انہیں پیش کیا گیا۔تقریب کے دوران تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے چیئرمین طاہر بن حمدان اور صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے دونوں اساتذہ کو توصیف نامہ اور اعزاز پیش کرتے ہوئے اُن کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اردو میڈیم اسکولوں میں شب و روز محنت کرنے والے اساتذہ ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو نئی نسل کی تعلیمی و اخلاقی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔مقامی سطح پر اس ایوارڈ کو بڑی خوشی اور اعزاز کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ گمبھی راوپیٹ کے اس چھوٹے سے اردو میڈیم اسکول سے تعلق رکھنے والے دو اساتذہ کو ریاستی سطح پر بیسٹ ٹیچر ایوارڈ ملنا نہ صرف اسکول کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ پورے منڈل اور ضلع کے لیے بھی ایک یادگار لمحہ ہے۔اساتذہ محمد فصیح الدین اور شائمہ رانا نے اس اعزاز پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پورے اسکول اور طلبہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔اس موقع پر صدر نشین تلنگانہ مائناریٹی فینانس کارپوریشن عبیداللہ کوتوال ، مائناریٹی ڈپارٹمنٹ آفیسر بی شفیع اللہ و دوسرے موجود تھے ۔