نئی گورنر کی حلف برداری کے سبب کابینی اجلاس ملتوی

   

بجٹ کی منظوری میں قدرے تاخیر ہوگی ،9 ستمبر کو بجٹ کی پیشکشی
حیدرآباد۔6ستمبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے کابینہ میں بجٹ کی منظوری کیلئے منعقد ہونے والے اجلاس کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔ ریاستی اسمبلی و قانون ساز کونسل کے بجٹ اجلاس کے آغاز سے قبل کابینہ میں بجٹ کی منظوری کیلئے 8 ستمبر کو کابینہ کا اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن 8ستمبر کو نو نامزدکردہ گورنر ڈاکٹر تمل سائی سوندراراجن کی حلف برداری تقریب ہوگی اسی لئے کابینہ کے اجلاس کو 9ستمبر کی صبح کی اولین ساعتوں میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور 9ستمبر کو تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس دن میں 11:30 بجے شروع ہوگا اور اسی دن بجٹ پیش کردیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ 7ستمبر کو مسٹر ای ایس ایل نرسمہن اور ان کی اہلیہ ویملا نرسمہن کے اعزاز میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ دعوت کا اہتمام کریں گے اور اسی دن مسٹر نرسمہن کی وداعی تقریب منعقد ہوگی اسی لئے کابینہ کا اجلاس 7 ستمبر کو منعقد نہیں کیا جاسکتا اور 8 ستمبر کو نئی گورنر کی حلف برداری تقریب کے سبب چیف منسٹر اور ریاستی وزراء کے علاوہ اہم عہدیداروں کی مصروفیت کے سبب کابینہ کے اجلاس کے انعقاد کا امکان نہیں ہے اسی لئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاستی کابینہ کا اجلاس 9 ستمبر کی صبح ہی منعقد کیا جائے گا اور اس اجلاس میں بجٹ کی منظوری کے علاوہ ترمیم شدہ بلدی قوانین اور ریوینیو قوانین کو بھی منظور کروائے جانے کا امکان ہے۔ ریاستی حکومت نے 9 ستمبر کو تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں بجٹ کی پیشکشی کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ حکومت کی جانب سے بجٹ کی پیشکشی کے بعد دو یوم کے لئے اسمبلی کو تعطیل رہے گی تاکہ ارکان اسمبلی حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے بجٹ کا مشاہدہ اور مطالعہ کرسکیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے گورنر کی وداعی تقریب کے علاوہ نئی گورنر کی آمد کے سلسلہ میں بھی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔