بس اسٹیشنوں کا اچانک معائنہ، مسافرین سے ملاقات، عہدیداروں کو ضروری ہدایات
حیدرآباد 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی کے نئے وائس چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر وائی ناگی ریڈی نے آج حیدرآباد کے ایم جی بی ایس اور جے بی ایس بس اسٹیشنوں کا معائنہ کیا اور مسافرین سے ملاقات کرتے ہوئے آر ٹی سی سے فراہم سہولیات پر رائے حاصل کی۔ ساتھ ہی عہدیداروں کو بس اسٹیشنوں کو صاف ستھرا رکھنے، پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے، بیٹھنے کیلئے کرسیوں کا انتظام کرنے، بیت الخلاء کی سہولت کے علاوہ دیگر اُمور پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی بسیں اور بس اسٹانڈس مسافرین کے لئے سہولت بخش ہونی چاہئے۔ ناگی ریڈی نے بس اسٹیشنس کے احاطہ میں الیکٹرک بس چارجنگ اسٹیشنس کا بھی معائنہ کیا۔ لاجسٹکس کاؤنٹر کا بھی معائنہ کیا ۔ اُنھوں نے بعض بسوں میں مسافرین سے بات کی اور صفائی کا جائزہ لیا۔ منیجنگ ڈائرکٹر ناگی ریڈی نے آر ٹی سی کے تمام شعبوں کو ایک دوسرے سے تعاون اور اشتراک سے کام کرنے اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اِس پروگرام میں ای ڈیز ایم شنکر، وینکنا، خسرو شاہ خان، سی ٹی ایم کمرشیل سریدھر، رنگاریڈی آر ایم سری لتا کے علاوہ دوسرے عہدیدار بھی موجود تھے۔ ماضی میں سابق منیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار بھی اِس طرح اچانک بس اسٹیشنوں کا معائنہ کیا کرتے تھے۔2