نئے اسرائیلی وزیر خارجہ کا بیرون ملک انڈیا کو پہلا فون

   

یروشلم ۔ 19 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے نو مقررہ وزیر خارجہ گابی اشکنازی نے آج وزیر امور خارجہ ایس جئے شنکر کو فون کیا جو جائزہ حاصل کرنے کے بعد بیرون ملک ان کا پہلا فون کال ثابت ہوا ۔ دونوں قائدین نے آپس میں مل کر دونوں ملکوں کے ہمہ رخی باہمی رشتہ کو مزید مضبوط کرنے اور وسعت دینے کا عہد کیا ہے جس سے دونوں کو باہمی فائدہ حاصل ہوگا اور شراکت داری بڑھے گی۔ ذرائع نے یہاں کہا کہ نئے اسرائیلی وزیر خارجہ کی طرف سے عام نوعیت کا خیر سگالی فون کال رہا جس میں انہوں نے اعلیٰ سطحی کے دوروں کا احیاء کرنے پر زور دیا تاکہ ہند۔اسرائیل کلیدی شراکت داری کو مزید مضبوط کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی وباء کے تناظر میں دونوں ملکوں کا باہمی تعاون بڑھانا اہمیت کا حامل ہے۔ جئے شنکر نے اسرائیلی وزیر سے بات کرنے کے چند منٹ بعد ٹوئیٹ کیا کہ وہ اسرائیلی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان کے ساتھ ہمارے خصوصی رشتے کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انڈیا کے تعلق سے آپ کے احساسات جان کر خوشی ہوئی۔