وزیر قانون اندرا کرن ریڈی کا جائزہ اجلاس، ججس کا جلد تقرر
حیدرآباد۔/8 فروری، (سیاست نیوز) حکومت نئے قائم شدہ اضلاع میں عنقریب ڈسٹرکٹ کورٹس کے قیام کے اقدامات کررہی ہے۔ وزیر قانون اندرا کرن ریڈی اور نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے سکریٹری محکمہ قانون سنتوش ریڈی کے ساتھ اجلاس میں نئے اضلاع میں عدالتوں کے قیام کا جائزہ لیا۔ وزیر قانون نے کہا کہ عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے ہر ضلع میں عدالت قائم کی جائے گی۔ نئے اضلاع کیلئے ڈسٹرکٹ کورٹس کے قیام کے سلسلہ میں ریاستی ہائی کورٹ کی جانب سے بہت جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ بھوپال پلی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کے ماسواء تمام نئے اضلاع میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کورٹس قائم کردی گئی ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر اور تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق نئے اضلاع کے ہیڈکوارٹرس پر ڈسٹرکٹ کورٹس کے قیام کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ وزیر تعلیم نے عہدیداروں سے پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کورٹس کے احاطہ میں نئے ڈسٹرکٹ کورٹس کا قیام عمل میں آئے گا۔ عوام کو تنازعات کے سلسلہ میں بروقت انصاف رسانی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہر ضلع کے عوام اپنے متعلقہ ضلع میں عدالتوں سے انصاف حاصل کرسکتے ہیں۔ر