نئے اضلاع ’نارائن پیٹ‘ و’ملگ‘ کے قیام کیلئے جی او کی اجرائی

   

تلنگانہ میں اضلاع کی تعداد 33 ہوجائیگی ، 4 نئے منڈلس کی تشکیل کے بھی احکام

اندرون 30 دن اعتراضات اور تجاویز پیش کرنے عوام سے خواہش

حیدرآباد۔ 3 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ ماہ ریاست میں منعقدہ انتخابات کے موقع پر عوام سے اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے تلنگانہ میں مزید دو 2 نئے اضلاع ’نارائن پیٹ‘ اور ’ملگ‘ کا قیام عمل میں لانے تازہ جی اوز نمبر 533 اور 534 جاری کئے۔ ان جی اوز میں بتایا گیا ہے کہ نظم و نسق کو آسان بنانے دو نئے اضلاع کی تشکیل عمل میں لائی جارہی ہے جبکہ ضلع بھوپال پلی کی تقسیم عمل میں لاکر ملگ (Mulug) اور ضلع محبوب نگر کو تقسیم کرکے نارائن پیٹ ضلع کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ گزشتہ ماہ 31 ڈسمبر کو جاری احکام میں فوری ابتدائی اعلان جاری کرنے اسپیشل چیف سیکریٹری محکمہ ریوینیو راجیشور تیواری نے بھوپال پلی جئے شنکر اور محبوب نگر اضلاع کے ضلع کلکٹروں کو ضروری ہدایات دی تھیں اور ان اضلاع میں عوام سے 30 یوم کے دوران اعتراضات تجاویز و مشورے اور رائے حاصل کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا تھا۔ اس طرح کی ہدایات کی روشنی میں عمل کے مکمل ہونے کے ساتھ ہی نئے اضلاع کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور ان دو اضلاع کی تشکیل کے بعد تلنگانہ میں اضلاع کی جملہ تعداد 33 ہوجائیگی ۔ بھوپال پلی کی تقسیم عمل میں لاتے ہوئے علیحدہ ضلع ملگ بنایا جارہا ہے۔ اس نئے ضلع ملگ میں وینکٹاپور، گووند راؤ پیٹ، ملگ، تاڑوائی، ایٹورو ناگارم، کنائی گوڑہ، منگاپیٹ، وینکٹاپورم، واجیڈو منڈلوں کو شامل کیا جائیگا۔ یہ تمام منڈلس موجودہ ملگ ریوینیو ڈیویژن میں ہیں جبکہ نارائن پیٹ ریوینیو ڈیویژن میں شامل دامر گدہ، دھنواڑ، کوسگی، مدور، کرشنا، ماکلور، مکتھل، مریکل، نارائن پیٹ، نروا، اوٹکور کے ساتھ کوئل کونڈہ کو ملاکر جملہ 12 منڈلوں پر مشتمل نیا ضلع نارائن پیٹ تشکیل پائے گا، علاوہ ازیں حکومت نے ریاست میں مزید چار نئے منڈلوں کی تشکیل عمل میں لاتے ہوئے احکامات جاری کئے اور ان احکامات کی روشنی میں ضلع نظام آباد میں چنڈور اور موسرا، ضلع میڑچل میں موڈو چنتلا پلی، ضلع سدی پیٹ میں نارائن راؤ پیٹ وغیرہ نئے منڈلس تشکیل دیئے گئے۔ گنڈال منڈل کو ضلع جنگاؤں سے علیحدہ کرکے یادادری بھونگیر ضلع میں شامل کرنے بھی علیحدہ احکامات حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے۔