حیدرآباد/3 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے مفاد عامہ کی ایک درخواست کو مسترد کردیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کو نئے اضلاع کی تشکیل کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ مفاد عامہ کی درخواست میں تلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل کے فیصلہ کو چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست گذاروں کا کہنا تھا کہ حکومت نے غیر سائینسی طور پر اضلاع کو تقسیم کیا اور نئے اضلاع کی تشکیل کا یکطرفہ فیصلہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے اضلاع کی تشکیل تلنگانہ ڈسٹرکٹ فارمیشن ایکٹ 1974 اور تلنگانہ ڈسٹرکٹس فارمیشن رولز 2016 کے مغائر ہے۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس ابھینند کمار شاولی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے درخواست گذاروں کی سماعت کے بعد فیصلہ دیا کہ ریاستی حکومت کو اضافی اضلاع کی تشکیل کا اختیار حاصل ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ جن قوانین کا درخواست گذاروں نے تذکرہ کیا ان کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ ر