نئے اعلان کردہ اضلاع کی تشکیل اولین ترجیح

   

اجمیر: راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کے بجٹ کے اعلان کے تحت محکمہ ریونیو کی ایڈیشنل چیف سکریٹری اپرنا اروڑہ نے نئے اعلان کردہ اضلاع میں محکموں کی تشکیل ترجیحی بنیادوں کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ اجمیر ڈویژن میں بننے جارہے نئے کیکڑی اور بیاور اضلاع کے لیے بھی مذکورہ ہدایات موصول ہوئی ہیں، جس میں ضلعی سطح کے دفاتر کے قیام کے عمل کو فوری طور پر مکمل کرنے کو کہا گیا ہے ۔ اروڑہ نے اپنے حکم میں بغیر کسی تاخیر کے عہدوں کی تشکیل اور نوٹیفکیشن کے ساتھ ہی پوسٹنگ کی ہدایات دی ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ دفتر کے لیے عمارت اور زمین کی نشاندہی کرنے اورضلع میں نئے تعینات ہونے والے آئی اے ایس سطح کے خصوصی افسر کے ساتھ ضلع سطح کے نوڈل افسر کو ہم آہنگی قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ ریاست میں نئے اضلاع کی تشکیل کے اعلان کے ساتھ ہی حکومت نے 15 خصوصی افسران کا تقرر کیا ہے ۔ ضلع اجمیر سے الگ کرکے بنائے جارہے کیکڑی اور بیاور اضلاع کے لیے بھی خصوصی افسر کا تقرر کیا گیا ہے ، لیکن ان کا ڈویژنل ہیڈکوارٹر اجمیر میں ہی رہے گا۔