نئے الیکشن کمشنرس کے تقررات کے لیے سرگرمیاں

   

15 مارچ کو تقرر کا امکان، الیکشن شیڈول کی اجرائی میں تاخیر
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کے دو نئے کمشنرس کا تقرر 15 مارچ سے قبل کئے جانے کا امکان ہے جس کے بعد لوک سبھا چناؤ کے لئے شیڈول جاری کیا جائے گا ۔ الیکشن کمشنر انوپ چندرا پانڈے حال ہی میں وظیفہ پر سبکدوش ہوئے جبکہ ارون گوئل نے اچانک عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ۔ الیکشن کمیشن میں صرف چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار ہیں ، لہذا الیکشن شیڈول کی اجرائی میں کسی قدر تاخیر ہوسکتی ہے۔ ایسے وقت جبکہ 13 مارچ کو الیکشن شیڈول کی اجرائی کا امکان تھا ، ارون گوئل کے استعفیٰ نے تاریخ کو آگے بڑھادیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت قانون نے نئے الیکشن کمشنر کے تقرر کے لئے اعلامیہ جاری کیا ہے ۔ مرکزی وزارت قانون کی نگرانی میں ہوم سکریٹری اور ڈی او پی ٹی کے سکریٹری پر مشتمل سرچ کمیٹی قائم کی جارہی ہے ۔ یہ کمیٹی دو الیکشن کمشنرس کے تقررات کیلئے پیانل کی سفارش کرے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت کمیٹی ناموں کو قطعیت دے گی ۔ کمیٹی میں لوک سبھا میں قائد اپوزیشن ادھیر رنجن چودھری اور مرکزی وزیر قانون شامل رہیں گے۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد صدر جمہوریہ نئے الیکشن کمشنرس کے تقررات کو منظوری دیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کا 13 یا 14 مارچ کو اجلاس منعقد ہوگا اور 15 مارچ تک نئے الیکشن کمشنرس کا تقرر کردیا جائے گا۔ 1