نئے بلدی قوانین پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت

   

بدعنوانی کے خلاف عہدیداروں کو مجرمانہ مقدمات کا انتباہ،جگتیال میں جائزہ اجلاس ، میونسپل پرنسپل سکریٹری اروندکمار کا خطاب

جگتیال :۔ پرنسپل سیکریٹری برائے بلدی نظم نسق،شہری ترقی و کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ اروند کمار (آئی اے ایس)نے دفتر ضلع کلکٹر ضلع جگتیال میں روبہ عمل شہری ترقیاتی کاموں کی عمل آوری ،لے آؤٹ سے متعلق ضلع کے تمام بلدیات کے کمشنران اور متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ پابندی کے ساتھ نئے بلدی قوانین پر عمل آوری کی جائے ۔ وزیر اعلٰی کی ہدایت کے مطابق عہدیدار شہری ترقی کیلئے آپسی تال میل کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ضلعی سطح پر بلدیات اور گرام پنچایتوں میں موجود لے آؤٹ کی تفصیلات حاصل کی جائیں۔لے آؤٹ کی منظوری کے وقت کھلی جگہ کو بلدیہ کے حق میں رجسٹر کیا جائے۔اجازت نہ ہونے والے لے آؤٹ پر سخت کاروائی کی جائے۔ہر ہفتہ ایڈیشنل کلکٹر برائے مجالس مقامی کے ساتھ لے آؤٹ سے متعلقہ جائزہ کیلئے ٹیلی کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا جائیگا۔اس موقع پر انھوں نے ہد ایت دی کہ شہر جگتیال میں سڑک کے دونوں جانب بڑی جسامت کے پودوں کی شجر کاری کی جائے اور اسکا تحفظ بھی کیا جائے۔انھوں نے نئی دفتر ضلع کلکٹر کی عمارت کے معائنہ کے بعد کہا کہ عمارت کے تعمیری کاموں کی تکمیل کی جاچکی ہے۔جلد ہی وزیراعلٰی کی جانب سے دورہ کرتے ہوئے افتتاح عمل میں لایا جائیگا۔وزیر اعلٰی کے دورہ کے موقع پر باقاعدگی کے ساتھ شجر کاری نہ کرنے پر عہدیداروں کو برطرف بھی کیاجائیگا۔ انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند ٹاؤن پلاننگ آفیسرس کے خلاف بدعنوانی کی شکایتیں موصول ہورہی ہیں۔ بدعنوانیوں میں ملوث عہدیداروں کو نہ صرف خدمات سے معطل کیا جائیگا بلکہ ان پر مجرما نہ مقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔ ٹی ایس بی پاس کے ذریعہ 75 گز زمین پر مکان کی تعمیر کیلئے اجازت کی ضرورت نہیں ہوگی۔75 گز سے 600 گز زمین پر عمارت کی تعمیر کیلئے اندرون 15 یوم اجازت نامہ دیا جارہا ہے۔عمارتوں کی تعمیر ات کے سلسلے میں کی جارہی بدعنوانیوں سے وزیر برائے بلدی نظم و نسق کے ٹی آر سخت ناراض ہیں۔ریاستی وزیر نے مسلسل شہری علاقوں میں معائنہ کرنے کی تاکید کی۔ضلع کی تمام بلدیات میں پینے کے مسائل کو درپیش نہ ہونے دیں۔صفائی کے کاموں میں بہتری لائی جائے۔ہر دن صد فیصد تمام مکانوں سے کچرے کو اکٹھا کیا جائے۔شہری ترقیاتی پروگرام کے تحت وارڈس میں موجود ملبہ ،منہدم بوسیدہ عمارتوں کا ملبہ کی صفائی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔درج فہرست طبقات کو خوداختیار بنانے کے پروگرام کے تحت انکی آبادی میں دیہی و شہری ترقیاتی پروگرام کے تحت 2 دن صفائی و دیگر اقدامات کو روبہ عمل لایا جائے۔شہری علاقوں میں برقی سے متعلقہ مسائل کی مکمل طور پر یکسوئی کی جائے۔اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کی رپورٹ پیش کی جائے۔اجلاس میں شریک ضلع کلکٹر جی روی نے اس موقع پر کہا کہ ضلع کی 5 بلدیات میں 134 وارڈس میں 2.5 لاکھ آبادی قیام پذیر ہے۔پرنسپل سیکریٹری کی ہدایت کے مطابق لے آؤ ٹ کی تفصیلات کو حاصل کیا جائیگا۔او ر کھلے مقامات پر شجر کاری کی جائیگی۔مابعد انھوں نے جگتیال شہر کے مستقر میں تعمیر کی گئی مربوط ضلعی دفاتر کی عمارت ،نرسریوں ، اور میاواکی طریقے کے مطابق کی جانے والی شجر کاری کا معائنہ کیا اور اربن پارک می کی جارہی شجر کاری کو دیکھ کر پرنسپل سیکریٹری نے متعلقہ عہدیداروں کو سراہا۔ اس موقع پر کمشنران بلدیات اور دیگر متعلقہ عہدیداران موجود تھے۔