کونسل میں اتم کمار ریڈی کا بیان، آروگیہ شری کارڈ کیلئے راشن کارڈ لازمی نہیں
حیدرآباد۔/24 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے قانون ساز کونسل میں ارکان کو تیقن دیا کہ نئے راشن کارڈز کی اجرائی کیلئے حکومت عنقریب فیصلہ کرے گی۔ وقفہ سوالات کے دوران اتم کمار ریڈی نے کہا کہ نئے راشن کارڈز کی اجرائی کیلئے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو نئے کارڈز کی اجرائی کے رہنمایانہ خطوط طئے کرے گی۔ کارڈز کی اجرائی کیلئے اہلیت اور دیگر امور کا تعین کیا جائے گا۔ وزیر سیول سپلائیز نے بتایا کہ ریاست میں فی الوقت 89 لاکھ سفید راشن کارڈز ہیں اور مزید راشن کارڈزکیلئے عوام کی جانب سے مانگ کی جارہی ہے۔ بی آر ایس دور حکومت میں نئے راشن کارڈز جاری نہیں کئے گئے لہذا کانگریس حکومت کے پرجا پالنا پروگرام میں درخواستیں وصول کی گئیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آروگیہ شری اسکیم سے استفادہ کیلئے لوگ راشن کارڈ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں حالانکہ حکومت نے راشن کارڈ کے بغیر ہی آروگیہ شری کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ راشن شاپس سے راشن حاصل کرنے والوں کو ہی سفید راشن کارڈ جاری کرنے کا منصوبہ ہے۔ آروگیہ شری کارڈ سے راشن کارڈ کا کوئی تعلق نہیں۔ کابینی سب کمیٹی نئے راشن کارڈز کے قواعد اور درخواست فارم کے فارمیٹ کو قطیعت دے گی۔1