نئے راشن کارڈس کیلئے می سیوا مراکز پر آن لائین درخواستوں کا ادخال

   

حکومت نے ویب سائیٹ اوپن کردی، می سیوا مراکز پر ہجوم، سرور ڈاؤن ہونے کی شکایت
حیدرآباد ۔10۔فروری (سیاست نیوز)محکمہ سیول سپلائیز نے ریاست میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی کیلئے درخواستوں کے ادخال کی سہولت فراہم کی ہے۔ حکومت نے دو دن قبل می سیوا مراکز پر نئے راشن کارڈ کیلئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کی سہولت کا اعلان کیا تھا لیکن چند گھنٹوں میں می سیوا سنٹرس پر ویب سائیٹ بند کردی گئی۔ عوام میں بے چینی کو دیکھتے ہوئے مختلف گوشوں سے حکومت کو نمائندگی کی گئی جس کے بعد آج شام 4 بجے سے می سیوا مراکز پر نئے راشن کارڈ کیلئے ویب سائیٹ اوپن کردی گئی۔ عوام اپنے قریبی می سیوا مراکز پر راشن کارڈ کیلئے درخواستیں داخل کرسکتے ہیں ۔ محکمہ سیول سپلائیز نے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ کا سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا ہے تاہم می سیوا مراکز کے ذمہ دار 28 فروری تک سہولت کا تیقن دے رہے ہیں۔ ویب سائیٹ کے آغاز کے ساتھ ہی شہر کے تمام می سیوا مراکز پر درخواستوں کے ادخال کیلئے عوام کا ہجوم دیکھا جارہا ہے ۔ مرد اور خواتین قطار میں اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔ نئے راشن کارڈ کیلئے ارکان خاندان کے آدھار کارڈ ، برقی بل اور گیس بل کی تفصیلات داخل کی جانی چاہئے ۔ می سیوا مراکز پر سیول سپلائیز محکمہ کا ویب سائیٹ درخواستوں کی قبولیت میں تکنیکی مسائل سے دوچار ہے ۔ وقفہ وقفہ سے سرور ڈاؤن کی شکایت مل رہی ہے ۔ ہر درخواست گزار کے تمام دستاویزات اسکیان کرکے ڈاؤن لوڈ کرنا ہے اور ڈاؤن لوڈ مرحلہ میں سرور اچانک ڈاؤن ہوجانے سے ایک ایک درخواست کے ادخال میں کافی وقت لگ رہا ہے۔ می سیوا مراکز کے ذمہ داروں نے محکمہ سیول سپلائیز سے اپیل کی کہ سرور میں تکنیکی دشواریوں کو دور کریں تاکہ درخواستوں کا آن لائین ادخال کم وقت میں مکمل کیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ ویب سائیٹ پر سابق میں داخل کی گئی درخواستوں میں ترمیم اور تبدیلی کی گنجائش بھی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے پرجا پالنا پروگرام کے تحت راشن کارڈ کیلئے درخواستیں وصول کی تھیں اور گریٹر حیدرآباد کے حدود میں لاکھوں کی تعداد میں درخواستیں داخل کی گئیں۔ حکومت نے 26 جنوری سے کارڈس کی اجرائی کا اعلان کیا تھا لیکن تکنیکی وجوہات کے سبب نئے راشن کارڈس ابھی تک جاری نہیں کئے گئے ۔ حکومت نے وارڈ دفاتر میں نئے راشن کارڈس کی درخواستیں قبول کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن دوبارہ می سیوا مراکز کے ویب سائیٹ کو کھول دیا گیا ہے تاکہ آن لائین درخواستیں داخل کی جاسکیں۔1