2 لاکھ کارڈس کی اجرائی کا منصوبہ، اے ٹی ایم کارڈ کے سائز میں راشن کارڈ کا ڈیزائن
حیدرآباد۔ یکم؍ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گزشتہ کئی ماہ سے راشن کارڈ کی اجرائی کا انتظار کرنے والے افراد کے لئے خوشخبری ہے۔ حکومت نے 14جولائی سے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کا مہورت طے کیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی 14 جولائی کو تنگاترتی اسمبلی حلقہ میں نئے راشن کارڈس کی غریب اور مستحق خاندانوں میں تقسیم عمل میں لائیں گے۔ اس سلسلہ میں بڑے پیمانے پر تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 2 لاکھ خاندانوں کو نئے راشن کارڈس جاری کئے جائیں گے۔ راشن کارڈس کے لئے موصولہ درخواستوں کی جانچ کرتے ہوئے مستحق خاندانوں کی نشاندہی کی گئی اور محکمہ سیول سپلائز ضلع واری سطح پر مستحق استفادہ کنندگان کی فہرست تیار کررہا ہے۔ تلنگانہ میں گزشتہ کئی برسوں سے نئے راشن کارڈس جاری نہیں کئے گئے۔ کانگریس حکومت نے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے رہنمایانہ خطوط طے کرنے کے لئے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی۔ سب کمیٹی کی سفارشات کے مطابق نئے راشن کارڈ جاری کئے جارہے ہیں۔ راشن کارڈ پر تمام افراد خاندان کے نام درج ہوں گے اور یہ کارڈ خواتین کے نام پر جاری کیا جارہا ہے۔ پراجا پالنا کے تحت حکومت نے مختلف اسکیمات کے لئے درخواستیں طلب کی تھیں جن میں 200 یونٹ مفت برقی سربراہی، 500 روپے میں گیس سلنڈر اور خواتین کو ماہانہ 2000 روپے وظیفہ کی اسکیم شامل ہے۔ نئے راشن کارڈ کے لئے لاکھوں خاندانوں نے درخواستیں داخل کیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھوں راشن کارڈس کی تقسیم کے بعد ضلع واری سطح پر وزراء کی نگرانی میں نئے کارڈس جاری کئے جائیں گے۔ حکومت اسمارٹ راشن کارڈ جاری کرنے پر غور کررہی ہے۔ راشن کارڈ کے ذریعہ تلنگانہ بھر میں کسی بھی راشن شاپ سے اناج حاصل کیا جاسکتا ہے۔ حکومت اے ٹی ایم کارڈ کے سائز کے طور پر راشن کارڈ تیار کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے کارڈ کے مختلف ڈیزائن تیار کئے گئے جنہیں حکومت کی منظوری کا انتظار ہے۔ 1