نئے راشن کارڈس 30 مارچ سے جاری کئے جائیں گے

   

QR کوڈ پر مشتمل ATM طرز پر ہلکے نیلے رنگ کا کارڈ تیار کیا جارہا ہے
حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) طویل انتظار کے بعد نئے راشن کارڈس کی تقسیم کا وقت مقرر کردیا گیا ہے۔ حکومت نے اعلان کیا کہ تلگو سال نو اُگادی کے موقع پر 30 مارچ کو نئے راشن کارڈس جاری کردیئے جائیں گے ۔ ریاست میں تمام راشن کارڈس اب نئے نظام کے تحت ہوں گے ۔ ATM کارڈ کے طرز پر QR کوڈ کے ساتھ ہلکے نیلے رنگ کے ہونگے ۔ راشن کارڈس پر ایک طرف چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دوسری طرف وزیر اتم کمار ریڈی کی تصویر ہوگی۔ پہلے نئے راشن کارڈس کیلئے درخواستیں داخل کرنے والوں کو راشن کارڈس جاری کئے جائیں گے ۔ اس کے بعد وقفہ وقفہ سے نئے راشن کارڈس جاری کرنے کا عمل جاری رہے گا ۔ نئے راشن کارڈس کی اجرائی کیلئے پرجا پالنا ، پرجا وانی، گرام سبھا اور می سیوا مراکز سے تاحال 13 لاکھ درخواستیں وصول ہوئیں۔ اسکے علاوہ ارکان خاندان کے ناموں کی شمولیت ، گھر کے پتہ کی تبدیلی سے متعلق مزید 24 لاکھ درخواستیں وصول ہوئیں۔ ان تمام کا گہرائی سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔ حکومت نے نئے راشن کارڈس کی اجرائی سے قبل راشن کارڈس کو پوری طرح تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ATM کارڈس کی طرح خصوصی چپ یا کیو آر کوڈ والے راشن کارڈس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ چار ماہ قبل عہدیداروں نے کرناٹک ، مہاراشٹرا اور کیرالا ریاستوں کا دورہ کیا، وہاں راشن کی تقسیم اور کارڈ کے نظام کا مطالعہ کیا اور اسی طرز پر تلنگانہ میں راشن کارڈس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ حکومت نے پہلے یکم مارچ سے نئے راشن کارڈس جاری کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ تاہم کچھ تکنیکی وجوہات سے راشن کارڈس کی تقسیم کو ملتوی کردیا گیا ۔ حکومت نے تازہ فیصلہ میں اُگادی سے نئے راشن کارڈس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاست میں پہلے سے 80 لاکھ راشن کارڈس موجود ہیں، انہیں بھی نئے راشن کارڈس جاری کرنے کی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔2