نئے ریونیو قانون کی تیاری، چیف منسٹر کی ماہرین سے مشاورت

   

اندرون دو یوم مسودہ بل کو قطعیت، اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جائیگا
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں نئے ریونیو قانون کی تیاری کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ماہرین کے ساتھ مشاورت میں مصروف ہیں۔ محکمہ مال میں بے قاعدگیوں کے خاتمہ، عہدیداروں کو جوابدہ بنانے اور اراضی اصلاحات اور دیگر قوانین پر موثر عمل آوری کیلئے حکومت نے موجودہ قانون کی جگہ نیا قانون وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے مسودہ قانون کا جائزہ لینے کیلئے ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیداروں پر مشتمل سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے اور کمیٹی کے ہمراہ وہ خود جائزہ اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔ گذشتہ دو دنوں کے دوران نئے قانون کے مختلف نکات پر کئی گھنٹوں تک غور و خوض کیا گیا اور چیف منسٹر نے بعض ترمیمات کی سفارش کی ہے۔ اسی طرح ریٹائرڈ عہدیداروں نے محکمہ مال کے موجودہ قانون کو تازہ ترین صورتحال سے نمٹنے میں ناکام قرار دیا اور کئی ترمیمات کو پیش کیا جسے چیف منسٹر نے منظوری دی ہے۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ محکمہ مال کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے کیونکہ یہ محکمہ حکومت کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے اور اس کی کارکردگی سے حکومت کا وقار مربوط ہے۔ حالیہ عرصہ میں محکمہ مال کے عہدیداروں کی جانب سے بے قاعدگیوں کے کئی معاملات منظر عام پر آئے جن میں خاص طور پر اراضی ریکارڈ میں تبدیلی اور کسانوں و غریبوں کو اراضی سے محروم کرنے جیسے معاملات شامل ہیں۔ محکمہ مال کی موثر کارکردگی کی صورت میں حکومت کی آمدنی میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔ مجوزہ قانون کے مسودہ کو توقع ہے کہ اندرون دو یوم قطعیت دے دی جائیگی اور 7 ستمبر سے شروع ہونے والے مانسون سیشن میں پیش کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار اور حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما کو مجوزہ قانون کی مشاورت میں شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر محکمہ مال کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں اور وہ بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے حق میں ہیں۔