پٹنہ ۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہا کہ نئے زرعی قوانین کسانوں کے مفاد میں ہیں اور انہیں امید ہے کہ ان قوانین کے تعلق سے جو شبہات اور اندیشے پیدا ہوئے ہیں انہیں مرکزی حکومت دور کرے گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے قوانین کے تعلق سے جو تنازعات پیدا ہو رہے ہیں ان کا بہار میں کوئی اثر نہیں ہے جہاں زرعی پیداوار مارکٹ کمیٹیاں ایک دہے سے قبل ہی قائم کردی گئی ہیں اور وہ متحرک و سرگرم ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے آج راجیہ سبھا میں دئے گئے اس تیقن کا بھی خیر مقدم کیا کہ اقل ترین امدادی قیمت کی روایت کو ختم نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ وضاحت اچھی علامت ہے اور یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ جو نئے قوانین بنائے گئے ہیں وہ کسانوں کے مفادات میں ہیں۔ ان قوانین کے تعلق سے کچھ ریاستوں میں جو غلط فہمیاں پیدا ہوئی ہیں انہیں مرکزی حکومت کو دو رکرنا چاہئے ۔ نتیش کمار نے تاہم ریاست میں کابینی توسیع سے متعلق سوالات کا جواب نہیں دیا ۔