حیدرآباد۔/7ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے تمام محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز کو نئے زونل سسٹم کے مطابق جاریہ ماہ کے اختتام تک ملازمین کی تقسیم کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سومیش کمار نے ملازمین کی سنیاریٹی طئے کرنے اور اضلاع کیلئے الاٹمنٹ جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ حکومت کے احکامات کے تحت مقامی ہونے کی بنیاد پر ملازمین کو ان کے آپشن کے مطابق الاٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اضلاع جہاں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ نہیں ہے وہاں تقسیم کا عمل شروع کردیا جائے۔ ملازمین سے آپشن کا حصول کل سے شروع کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری نے ہر ضلع کیلئے ایک سینئر آئی اے ایس عہدیدار کو مقرر کرنے کی ہدایت دی۔ اسی دوران تلنگانہ این جی اوز نے ملازمین کی تقسیم کا عمل کسی بھی تاخیر اور تساہل کے بغیر مکمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوہر اور بیوی کو ایک ہی مقام پر الاٹ کیا جانا چاہیئے۔ ضلع کیڈر عہدوں کے علاوہ زونل سطح کے عہدوں کی تقسیم کا عمل بیک وقت شروع کیا جائے۔ این جی اوز اور گزیٹیڈ آفیسرس کی تنظیموں نے ملازمین کے دیرینہ مطالبات پر مبنی یادداشت حوالے کی۔ر