نیویارک / ٹوکیو : فضائی مسافروں کے لیے نئے سال کا آغاز بھی بہت مایوسی کے ساتھ ہوا ہے۔امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ٹریکنگ سروس فلائٹ اویئر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مشرقی ساحل پر ہفتہ کی دوپہر تک 2600 سے زیادہ امریکی پروازیں اور دنیا بھر میں تقریباً 4600 منسوخ کر دی گئی تھیں۔کرسمس سے عین پہلے جب ایئر لائنز نے عملے میں کورونا کیسز کے اضافے کی وجہ سے سٹاف کی کمی کو مورد الزام ٹھہرانا شروع کیا، سے اب تک یہ امریکہ میں ایک دن میں سب سے زیادہ منسوخ ہونے والی پروازیں ہیں۔تاہم گذشتہ روز پروازوں کی منسوخی صرف وائرس کی وجہ سے نہیں تھیں۔ امریکہ میں سردی نے شگاگو کو ، جہاں 9 انچ برف پڑنے کی پیشین گوئی کی گئی تھی، مسافروں کے لیے ملک کا بدترین مقام بنا دیا۔او ہارے ایئرپورٹ پر 800 سے زیادہ اور مڈ وے ہوائی اڈے 250 سے زیادہ پروازوں کو بند کیا گیا۔ایئر لائن کی ایک ترجمان کے مطابق ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز نے پیشن گوئی کی وجہ سے شکاگو کے دونوں ہوائی اڈوں پر آپریشن معطل کر دیا۔ساؤتھ ویسٹ نے ملک بھر میں 450 سے زیادہ پروازیں منسوخ کیں۔ امریکن ایئر لائنز اور ڈیلٹا ایئر لائنز نے دو دو سو سے زیادہ پروازیں بند کیں اور یونائیٹڈ ایئر لائنز نے 150 سے زیادہ پروازیں منسوخ کیں۔سکائی ویسٹ، ایک علاقائی کیریئر جو امریکن ایگل، ڈیلٹا کنکشن اور یونائیٹڈ ایکسپریس کے ناموں سے پروازیں چلاتا ہے، نے 480 پروازوں کو گراؤنڈ کیا۔