جگتیال میں سڑکوں کی توسیع کیلئے رقم منظور ، ایم ایل سی جیون ریڈی کی پریس کانفرنس
جگتیال ۔31 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جگتیال میں آج کے ایم ایل سی ٹی جیون ریڈی نے نئے سال کے موقع پر اندرابھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے میڈیا اور جگتیال حلقہ اسمبلی بلخصوص تلنگانہ ریاست کے تمام عوام کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ ریونت ریڈی کی قیادت میں ترقی کی سمت گامزن ہے اور نئے سال میں نئے منصوبوں کے ساتھ مزید ترقی کرنے کی امید ظاہر کی ۔ انہوں نے شہر کی ترقی کے سلسلے میں یاور روڈ کی توسیع کے مسئلے پر کہا کہ میرے دور وزارت میں پہلے 40 فٹ سڑک کو 60 فٹ توسیع کی گئی تھی، لیکن موجودہ وقت میں شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے یاور روڈ کو 100 فٹ تک توسیع دینا ضروری ہو گیا ہے۔ ضلع کلکٹر کے ذریعے اس پروجیکٹ کے لیے درکار فنڈز کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور رپورٹ حکومت کو پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے درخواست کی کہنئے بجٹ میں اس پروجیکٹ کے لیے 100 کروڑ روپے منظور کیے جائیں، تاکہ ٹریفک کے مسائل کو مستقل طور پر حل کیا جا سکے اور شہر کی ترقی کو مزید تیز کیا جا سکے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے سال میں اس پروجیکٹ پر عمل درآمد ہوگا اور جگتیال شہر کی ترقی مزید رفتار پکڑے گی۔