نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے سال 2021 میں وطن کے باشندوں سے ‘سوچھ بھارت’ کا عہد کرنے کی اپیل کی ہے ۔ مودی نے اتوار کے روز اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ” من کی بات ” میں یہ اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ “ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم کوڑا ہر گز نہیں پھیلائیں گے ۔ یہ ‘سوچھ بھارت’ مہم کا پہلا مقصد بھی ہے ۔ ہمیں ملک کو ‘واحد استعمال کے پلاسٹک’ سے آزاد کرنا ہے ۔ یہ 2021 کے عزائم میں سے ایک ہے “۔ انہوں نے گروگرام میں رہنے والے نوجوان پردیپ سنگوان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پردیپ سانگوان 2016 سے ہی ‘ہیلنگ ہمالیہ’ کے نام سے مہم چلا رہے ہیں۔ وہ اپنی ٹیم کیساتھ ہمالیہ کے مختلف علاقوں میں جاتے ہیں اور جو پلاسٹک کے کوڑے سیاح چھوڑ جاتے ہیں، ان کو صاف کرتے ہیں۔ ابھی تک پردیپ نے ہمالیہ کے مختلف سیاحتی مقامات سے ایک ٹن پلاسٹک صاف کرچکے ہیں۔ وزیر اعظم نے سوچھ بھارت مہم کے عہد کا اعادہ کیا اور وطن کے باشندوں کو نئے سال کی مبارکباد دی۔