یکم جنوری سے عمل کا آغاز ، کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ متوقع
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی آئیل مارکٹنگ کمپنیوں نے صارفین کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا دے دیا ہے۔ ملک بھر میں کمرشل مقاصد کے لئے استعمال ہونے والے ایل پی جی سیلنڈروں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے جس سے پہلے ہی مہنگائی کی مار جھیلنے والے عوام پر مزید مالی بوجھ بڑھ جانے کے امکانات ہیں۔ یکم جنوری کو ماہانہ نظرثانی کے تحت آئیل مارکٹنگ کمپنیوں نے 19 کیلو گرام کے کمرشیل ایل پی جی سیلنڈر کی قیمت میں 111 روپئے کا اضافہ کیا ہے۔ نئی قیمتیں آج سے حیدرآباد، دہلی، کولکتہ، چینائی، ممبئی کے بشمول تمام بڑے میٹرو شہروں میں نافذالعمل ہوگئی ہیں۔ تازہ اضافہ کے بعد قومی دارالحکومت دہلی میں 19 کیلو گرام کمرشیل ایل پی جی سیلنڈر کی قیمت بڑھ کر 1691.50 روپئے ہوگئی ہے جبکہ کولکتہ میں اس کی قیمت 1795 روپئے، ممبئی میں 1642.50 روپئے اور چینائی میں 1849.50 روپئے تک پہونچ گئی ہے۔ تاہم عوام کے لئے قدرے اطمینان کی بات یہ ہے کہ گھریلو استعمال کے لئے 14.2 کیلو گرام ایل پی جی سیلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، وہ بدستور مستحکم ہیں۔ کمرشیل ایل پی جی سیلنڈر کی قیمت میں اضافہ سے ہوٹلوں، ریستورانوں، دھابوں اور چھوٹے تاجروں پر براہ راست اثر پڑنے کا امکان ہے۔ جس کے نتیجہ میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ مہنگائی کے اس نئے وار نے کاروباری طبقے کے ساتھ ساتھ عام صارفین کی تشویش میں بھی اضافہ کردیا ہے۔2
