حادثات سے پاک سال نو منانے کے اقدامات، رچہ کنڈہ پولیس
حیدرآباد۔ 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) سال نو تقاریب کو پُرسکون اور حادثات سے پاک بنانے کیلئے رچہ کنڈہ پولیس کی جانب سے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں آؤٹ ڈور منعقد ہونے والی تقاریب پر تحدیدات عائد کردی ہے۔ ایسی تقاریب اور پروگرامس ڈی جے کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی ہے اور ڈی جے کا استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ آج اس خصوص میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کمشنر پولیس کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمشنر پولیس نے پولیس عہدیداروں اور ملازمین کو پابند کیا کہ وہ سال نو تقاریب کو خوشگوار انداز میں منانے کے تمام اقدامات کو یقینی بنائیں۔ کمشنر پولیس سدھیر بابو نے اجلاس میں وائن شاپس ، پبس، بار اینڈ ریسٹورنٹس اور فارم ہاؤز کے ذمہ داروں کو طلب کیا اور انہیں پولیس قواعد سے واقف کرواتے ہوئے سال نو تقاریب کیلئے پولیس کے منصوبہ کو بیان کیا اور انہیں پابند کیا کہ وہ کسی غیرسماجی سرگرمی کو فروغ نہ دیں۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ سدھیر بابو نے بتایا کہ سال نو تقاریب کو بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے اور خواتین اور لڑکیاں بھی خوشی سے نئے سال کا استقبال کرتی ہیں، ایسی صورت میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے شی ٹیموں کو بھی متعین کیا جائے گا۔ کمشنر پولیس نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ آؤٹ ڈور ڈی جے استعمال نہ کریں اور آتش بازی سے گریز کریں چونکہ عوامی مقامات پر آتش بازی کی اجازت نہیں دی گئی ہے جبکہ آدھی رات ہی سے نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت مہم چلائی جائے گی۔ اس اجلاس میں رچہ کنڈہ پولیس کے دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔ع
