پولیس مصروف تحقیقات ، سرپورٹاؤن منڈل کے عوام میں دہشت کی لہر
سرپورٹاؤن ۔ یکم جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپورٹاؤن منڈل کے گاؤں اٹکلاپہاڑ کے علاقہ میں مورے وٹھل عمر 48سال کا بہیمانہ قتل کیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب 2018ء سال کے اختتام اور 2019ء سال کے آغاز پر رات کے اوقات میں سرپورٹاؤن اور اطراف و اکناف کے علاقوں کے عوام اور خصوصاً نوجوانوں کی جانب سے نئے سال کی آمد سے متعلق خوشیاں اور جشن اور پارٹیاں کی جارہی تھی اور الوداع 2018ء اور خوش آمدید 2019ء سال کے ضمن میں ہر گاؤں اور ہر گلی میں خوشیوں کے ماحول میں ہر کوئی مصروف تھا اور اسی رات سرپورٹاؤن منڈل کے گاؤں اٹکلا پہاڑ کے متوطن و کسان مورے وٹھل اپنے کھیت کو رات میں جاکر شب بسری کی لیکن جب 2019ء کی پہلی صبح کو کسان اپنے مکان کو نہ آنے پر مورے وٹھل کے گھر والوں نے تلاشی شروع کردی اور گاؤں کے علاوہ کھیتوں میں تلاشی کرنے پر مورے وٹھل کی مشتبہ حالت میںنعش کھیت میں پائی گئی۔ یہ خبر دھیرے دھیرے گاؤں کے علاوہ پڑوسی گاؤں میں بھی آگ کی طرح پھیل گئی اور مقامی لوگوں میں یہ بات گشت کررہی تھی کہ آج 2019ء نئے سال کے پہلے دن یہ قتل کی واردات پیش آئی تو سال بھر بھی ایسے واقعات پیش آنے کی توقع ظاہر کررہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں سرپور ٹاؤن سب انسپکٹر آف پولیس این روی نے کیس رجسٹر کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا اور مصروف تحقیقات ہیں ۔