نئے سال کی پارٹی میں ایک شخص نے اپنے چھ ارکان خاندان کو گولی مار دی

   

بنکاک ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ کے ایک شہری نے جب یہ محسوس کیا کہ اس کے سسرالی رشتہ داروں نے اس کی توہین کی ہے تو اس نے انتہائی غصہ کی حالت میں اپنے خاندان کے چھ ارکان کو جن میں اس کے دو بچے بھی شامل ہیں، نئے سال کی پارٹی کے موقع پر گولی مار کر ہلاک کردیا اور اس کے بعد اس نے خود پر گولی چلادی۔ تھائی لینڈ کے جنوبی صوبہ چمفون میں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کیلئے ترتیب دی گئی ایک پارٹی میں سوچیپ سارن سنگ نامی اس شخص کے سسرالی رشتہ دار موجود تھے۔ یہ واقعہ رات 12 بجکر 10 منٹ کو رونما ہوا۔ جب سارے لوگ 2019ء کا خیرمقدم کررہے تھے۔ سوچیپ نشہ میں دھت تھا اور اس نے اچانک اپنا پستول نکال لیا۔ دریں اثناء لیفٹننٹ کرنل لارپ کمپاپان نے بتایا کہ تمام مہلوکین سوچیپ کے رشتہ دار تھے بشمول 9 سالہ بیٹا اور 6 سالہ بیٹی۔ سوچیپ کو اس بات کا غصہ تھا کہ نئے سال کی مبارکباد دینے کیلئے اس کے سسرالی رشتہ دار اس کے پاس نہیں آئے اور نہ ہی پارٹی میں اس کا خیرمقدم کیا گیا۔ جن دیگر چار لوگوں کو گولی ماری گئی ان میں دو مرد اور دو خواتین شامل ہیں جن کی عمریں 47 سال سے 71 سال کے درمیان بتائی گئی ہے۔