چیف منسٹر کا کابینی وزراء سے رائے مشورہ ، تبادلوں پر بھی عمل
حیدرآباد۔22 ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے سال 2022 کے آغاز کے ساتھ ہی بڑے پیمانے پر آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلوں کا عمل شروع کئے جانے کا امکان ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ نے طویل عرصہ سے زیر التواء آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیدارو ںکے تبادلوں کے سلسلہ میں مشاورت شروع کردی ہے اور کہا جا رہاہے کہ انہوں نے عہدیدارو ںکے علاوہ اپنے کابینی رفقاء سے اس سلسلہ میں تبادلۂ خیال کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ جنوری 2022 کے پہلے ہفتہ میں ان تبادلوں کا عمل شروع کیا جائے۔ تلنگانہ میں عہدیداروں کے تبادلوں کے متعلق کئی برسوں سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا بلکہ مختلف وجوہات کی بناء پر ریاستی حکومت نے تبادلوں کے عمل کو زیر التواء رکھا تھا لیکن اب عہدیداروں کا کہنا ہے اب تبادلوں کے سلسلہ میں پیشرفت کی جانے لگی ہے ۔حکومت کی جانب سے کئی عہدیداروں کو ترقی دیئے جانے کے باوجود ان کی خدمات ان ہی عہدوں پر استعمال کی جا رہی تھیں جس کے سبب جونیئر عہدیدار اپنی ترقی کے منتظر تھے لیکن اب جبکہ ریاستی حکومت کی جانب سے تبادلوں کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کیا جانے لگا ہے تو ایسی صورت میں عہدیداراپنے تبادلوں کے متعلق کوشش میں مصروف ہوچکے ہیں۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاستی حکومت نے تمام عہدیداروں کی فہرست تیار کرلی ہے اور آئندہ چند یوم کے دوران اعلیٰ عہدیداروں کے تبادلوں اور ان کے عہدوں کو قطعیت دے دی جائے گی جبکہ دیگر عہدیداروں کے تبادلوں اور تقررات کے سلسلہ میں جنوری کے دوسرے ہفتہ میں فیصلہ کیا جائے گا۔تلنگانہ میں عہدیداروںکے تبادلوں کے سلسلہ میں جاری عمل کے متعلق ذرائع کا کہناہے کہ چیف منسٹر اپنی راست نگرانی میں اسے انجام دے رہے ہیں ۔م