نئی دہلی ۔ نئے سال کے آغاز میں صرف چندگھنٹے باقی ہیں لیکن اس مرتبہ دہلی کے عوام نئے سال کے موقع پر جشن میں آتش بازی نہیں کر سکیں گے۔ پولیس اور ریونیو آفس کی ٹیموں نے 31 دسمبر اور یکم جنوری کوگروپ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو جشن کے قواعد جاری کر دیے ہیں۔ قواعد کے مطابق چھت پر جشن نہیں ہوں گے اور نہ ہی اونچی آواز میں میوزک چلایا جائے گا۔ حکام کے مطابق نئے سال کے موقع پر منعقد کیے جانے والے پروگراموں کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ ہر سال لوگ گروپ ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے طویل شور اور آتش بازی کی شکایت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں پروگرام ہونے کی وجہ سے سوسائٹیوں کے باہر سروس لین پر پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک جام کا مسئلہ بھی بڑھ جاتا ہے۔گروپ ہاؤسنگ سوسائٹیز، آر ڈبلیو اے اور مارکیٹ اسوسی ایشنز کو ان نئے قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔نئے سال کی شام اور نئے سال کے دن تقریباً تمام سوسائٹیوں اور شاپنگ کمپلیکس میں تقریبات ہوتی ہیں، جس میں بڑی تعداد میں لوگ جشن منانے آتے ہیں۔ ان حالات میں کچھ سماج دشمن عناصر بھی ہجوم میں مل جاتے ہیں اور چھیڑ چھاڑ، چھینا جھپٹی جیسی وارداتیں کرتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان تمام مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے آر ڈبلیو اے، منیجنگ کمیٹی اور مارکیٹ اسوسی ایشن کے لیے رہنما اصول طے کیے گئے ہیں۔جشن میں 500 افراد ہوںتو اجازت لینا ضروری کردیا گیا ہے۔