نئے سال کے پیش نظر شراب کی دکانات کے اوقات میں توسیع

   

31 دسمبر کو نصف شب تک بار و ریستوران کو کھلے رکھنے کی اجازت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : نئے سال کے موقع پر تلنگانہ ریاست میں شراب کی دکانات اور بار کے اوقات میں توسیع کی گئی ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے سال نو کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر شراب کی دکانوں کو 31 دسمبر کی آدھی رات تک کھلے رکھنے کی منظوری دیدی ہے ۔ بار اور ریستوران کو بھی رات ایک بجے تک کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ محکمہ اکسائز نے ان تبدیلیوں کی تصدیق کرتے ہوئے ہفتہ کو باضابطہ احکامات جاری کئے ۔ حکومت نے نئے سال کے استقبال کے لیے مختلف خصوصی تقریبات اور پروگراموں کو ہری جھنڈی دکھائی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے کچھ شرائط کے ساتھ اپنے دائرہ اختیار میں خصوصی تقریبات کی اجازت دی ہے ۔ ایونٹ کے منتظمین کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پارٹیوں اور پب میں منشیات کا استعمال نہ ہو ۔ اعلیٰ حکام نے نئے سال کی تقریبات کے دوران منشیات کے استعمال کو روکنے کے لیے بھی ہدایات جاری کی ہیں ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق شراب کی دکانوں کو آدھی رات تک کھلے رہنے کی اجازت دینے سے ریاستی حکومت کو کافی آمدنی ہونے کی امید ہے ۔۔ ش