واشنگٹن، 6 مارچ (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے اگلے سپریم لیڈر کے انتخاب کے عمل میں مجھے بھی شامل کیا جانا چاہیے ، وہ ایسے رہنما کو قبول نہیں کریں گے جو سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی پالیسیوں کو جاری رکھے ۔ امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا ہے کہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا اگلا سپریم لیڈر بنانے کی کوشش ‘وقت کا ضیاع’ ہے اور میں اس انتخاب کو قبول نہیں کروں گا۔ صدر ٹرمپ نے ایران کی صورتِ حال کا موازنہ وینزوئیلا سے کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ڈیلسی روڈریگز کی قیادت میں وہاں حکومت برقرار رکھی گئی، اسی طرح ایران میں بھی ایسی قیادت چاہتے ہیں جو امریکہ کے ساتھ تعاون کرے ۔
ہم ایران کو صفحۂ ہستی سے مٹانا چاہتے ہیں : ٹرمپ
واشنگٹن، 6 مارچ (یو این آئی) امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم لڑائی میں ایران سے زیادہ سنجیدہ ہیں اور ہم سب سے پہلے ایران کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا ہمارے پاس ایران پر حملے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا، ایرانی بحریہ کو مکمل ختم کردیا، ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو بھی ختم کیاجارہا ہے ، ہم ہر گھنٹے ایران کے میزائل اور ڈرون صلاحیت کم کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس اب نہ فضائیہ باقی ہے اور نہ فضائی دفاعی نظام جبکہ ان کے تمام طیارے بھی تباہ ہوچکے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا یقینی بنائیں گے آئندہ جو بھی ایران کی قیادت کرے گا، امریکہ اور اسرائیل کو دھمکی نہیں دیگا۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران نے ڈیل کیلئے کال کی لیکن ہم نے کہا کہ اب بہت دیر ہو گئی ہے ۔ امریکی صدر نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈرز اور دنیا بھر میں تعینات ایرانی سفارتکاروں سے حکومت سے علیحدگی کا بھی مطالبہ کیا۔ امریکی صدر نے ایرانی سفارتکاروں سے کہا کہ وہ مختلف ممالک میں موجود ایرانی سفارت خانوں سے الگ ہو کر پناہ حاصل کریں اور ایک نئے اور بہتر ایران کی تشکیل میں امریکہ کی مدد کریں۔ ٹرمپ نے کہا اگر پاسداران انقلاب کے کمانڈرز عہدے چھوڑ دیں تو انہیں مکمل استثنیٰ دیا جائے گا، بصورت دیگر انہیں قتل کردیا جائے گا۔ امریکی صدر تیل کی قیمتوں کا دباؤ کم کرنے کے لیے جلد اقدامات کا بھی اعلان کردیا۔
اپنی سرزمین ایران کیخلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے : سعودیہ
تہران، 6 مارچ (یو این آئی) ایران نے سعودی عرب کی جانب سے اس کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے کے اعلان پر سعودی عرب سے اظہار تشکر کیا۔ سعودی عرب میں ایران کے سفیر علی رضا عنایتی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران سعودی عرب کے اس اعلان کو سراہتا ہے کہ اس کی فضائی حدود، سمندری حدود یا سرزمین کو ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی حکام کی جانب سے بارہا یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مملکت کی فضائی، سمندری یا زمینی حدود اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف استعمال نہیں ہوں گی، جس پر ایران ان کا شکر گزار ہے ۔جنگ شروع ہونے سے قبل بھی سعودی عرب نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششوں کی حمایت کی تھی اور واضح کیا تھا کہ ایران پر کسی حملے کیلئے سعودی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
24 امریکی ریاستوں کا ٹرمپ کے ٹیرف کیخلاف مقدمہ
واشنگٹن ۔ 6 مارچ ۔ ( ایجنسیز) امریکہ میں 24 ریاستوں کے ایک گروپ نے عدالت میں ٹرمپ کے ٹیرف کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے جو حالیہ دنوں میں ٹرمپ کے ذریعہ عائد کئے گئے مزید 10% ٹیرف کی مخالفت کرتا ہے ۔ امریکی ریاستوں کا ماننا ہے کہ صدر ٹرمپ عدالت کے اُس حکمنامہ کو نظرانداز نہیں کرسکتے جہاں سپریم کورٹ نے ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ تمام سابقہ ٹیرفس کو غیرقانونی قرار دیا تھا ۔ یہ تمام ریاستیں ڈیموکریٹک حکومت کے زیراثر ہیں جن میں نیویارک ، کیلیفورنیا اور اوریگن کے نام قابل ذکر ہیں۔ ان ریاستوں کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ سابق میں جو ٹیرفس ادا کئے جاچکے ہیں اُنھیں واپس کیا جائے ۔ دریں اثناء اوریگن کے اٹارنی جنرل ڈین رے فیلڈ نے کہاکہ ٹرمپ کی زیادہ تر توجہ اب ٹیرف کی رقم دوگنی کرنے کی بجائے ادا کئے گئے ٹیرف کی رقم کی واپسی کی جانب ہونی چاہئے۔