نئے سکریٹریٹ اور اسمبلی کی تعمیرکیلئے کل رسم سنگ بنیاد

   

نجومیوں کے مہورت اور و استو پر فیصلہ ، چیف منسٹر کے سی آر افتتاح کریںگے
حیدرآباد ۔24 جون ( این ایس ایس ) تلنگانہ میں نئی سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے بائسن پولو گراؤنڈ مختص کرنے سے مرکز کی منظوری کے بعد ریاستی حکومت ، دفاتر معتمدین کے موجودہ وسیع و عریض مقام پر ہی نیا عالیشان سکریٹریٹ تعمیر کرنے کیلئے تیار ہوچکی ہے ۔ جس پر 400کروڑ روپئے کے مصارف عائد ہوں گے اور 27جون کو رسم سنگ بنیاد انجام دی جائے گی ۔ تلنگانہ کے باب الداخلہ کے قریب ہیلی پیڈ گراؤنڈ کی تعمیر کیلئے متعلقہ کاموں کا افتتاح عمل میں آئے گا ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سکریٹریٹ کے احاطہ میں این ٹی آر مارگ روڈ پر ہیلی پیڈ گراؤنڈ کے تعمیراتی کاموں کا افتتاح انجام دیں گے ۔ علاوہ ازیں پنجہ گٹہ کے قریب ارم منزل میں جدید عمارت مقننہ کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ کے سی آر جو علم نجوم کے ماہر نجومیوں کی پیش قیاسیوں اور واستو پر کٹر عقیدہ رکھتے ہیں ، یہ فیصلہ کرچکے ہیں کہ 400کروڑ روپئے کے مصارف سے نیا سکریٹریٹ اور 100کروڑ روپئے کے مصارف سے نئی عمارت مقننہ تعمیر کی جائے گی ۔ ان دونوں کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے جمعرات کو مقدس و مبارک دن قرار دیا گیا ہے ۔