چیف منسٹر نے تعمیری کاموں کا معائنہ کیا، ویٹنگ ہالس، پارکنگ کی سہولت کا جائزہ، وزیٹرس کیلئے بیاٹری سے چلنے والی گاڑیاں
حیدرآباد۔/8 اگسٹ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سکریٹریٹ کامپلکس کے تعمیری کاموںکا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جلد سے جلد تعمیری کاموں کی تکمیل پر توجہ دیں تاکہ تمام عصری سہولتوں کے ساتھ سکریٹریٹ عوام کی خدمت کیلئے کھول دیا جائے۔ چیف منسٹر نے ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور ڈیزائن کا مشاہدہ کرتے ہوئے اس میں بعض ترمیمات کی سفارش کی۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ کامپلکس عمارت ہر اعتبار سے منفرد اور سہولتوں کے ساتھ ہونی چاہیئے۔ عوام اور اہم شخصیتوں کیلئے تمام سہولتیں حاصل رہیں۔ انہوں نے ضعیف العمر افراد کیلئے ریمپ کی سہولت کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وزیٹرس کی سہولت کیلئے سکریٹریٹ کے احاطہ میں بیاٹری سے چلنے والی گاڑیوں کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے گراؤنڈ فلور کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اوپری منزلوں کا کام بھی تیزی سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاموں کی تکمیل کیلئے باقاعدہ ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حکومت چاہتی ہے کہ عصری ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے عوام تک بہتر نظم و نسق فراہم کیا جائے۔ حکومت بہتر کارکردگی اور شفافیت میں یقین رکھتی ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے پلان کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ کی عمارت گڈ گورننس کی مثال ہونی چاہیئے۔ سرکاری ملازمین اور عہدیدار بہتر ماحول میں خدمات انجام دے سکیں گے۔ انہوں نے بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے موثر رین واٹر مینجمنٹ سسٹم کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ کے اندرونی اور بیرونی علاقوں میں کہیں بھی پانی جمع ہونے نہ پائے۔ انہوں نے اطراف و اکناف صحت و صفائی کا ماحول برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور کہا کہ تمام سیکشنوں میں انٹیریئر فرنیچر کو معیاری بنایا جائے۔ دروازے ، کھڑکیاں اور فرنیچر، الیکٹریکل ، پلمبنگ اور ٹائیلس میں کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ چیف منسٹر نے انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عصری سہولتوں کے ساتھ تعمیر کئے جانے والے ویٹنگ ہالس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیٹرس اور وی آئی پیز کو ویٹنگ میں کوئی دشواری نہ ہو۔ ٹو وہیلرس اور فور وہیلرس کے علاوہ بسوں اور دیگر گاڑیوں کی پارکنگ کا موثر انتظام ہونا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے سکریٹریٹ میں ہیلی پیاڈ کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر پرشانت ریڈی، چیف سکریٹری سومیش کمار، ارکان مقننہ لکشما ریڈی، جناردھن ریڈی، ایم ہنمنت راؤ، کانتا راؤ، انجیا یادو، کرشنا موہن ریڈی، ہنمنت شنڈے ، روہت ریڈی، جی وینکٹ رمنا ریڈی، حکومت کے مشیر راجیو شرما، محکمہ عمارات و شوارع کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔
