پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کا اجلاس، اگست میں تعمیری سرگرمیوں کے آغاز کا منصوبہ
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے محکمہ عمارات و شوارع کے انجنیئرس اور ماہرین کے ساتھ منگل کو اجلاس طلب کیا ہے تاکہ نئے سکریٹریٹ کے ڈیزائن کو قطعیت دی جاسکے ۔ سکریٹریٹ میں قدیم عمارتوں کے انہدام کا کام تیزی سے جاری ہے اور ہائی کورٹ و سپریم کورٹ کی جانب سے رکاوٹوں کے خاتمہ کے بعد چیف منسٹر نے نئے کامپلکس پر توجہ مرکوز کی ہے۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ تلنگانہ سکریٹریٹ کی نئی عمارت ریاست کی ثقافت اور طرز زندگی کی شان و شوکت اور وقار کا مظہر ہونی چاہئے۔ چیف منسٹر نے نئے سکریٹریٹ کے لئے تجویز کردہ ڈیزائن کا جائزہ لیا ہے تاہم وہ ماہرین سے تبادلہ خیال کے بعد منظوری دیں گے ۔ نئے کامپلکس کے اندرونی اور بیرونی ڈیزائن میں چیف منسٹر بعض تبدیلیوں کے خواہاں ہیں۔ انجنیئرس اور ماہرین کے مشاورت کے بعد جس پلان کو قطعیت دی جائے گی، اسے کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ کابینی منظوری کے بعد ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے اور تعمیری سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی ، پرنسپل سکریٹری آر اینڈ بی ، انجنیئرس اور ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والے دو آرکیٹکٹ کو بطور خاص اجلاس میں طلب کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت اگست میں نئے سکریٹریٹ کی تعمیری سرگرمیوں کے آغاز کا منصوبہ رکھتی ہے۔ جاریہ ماہ کے اواخر میں ٹنڈرس طلب کئے جاسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے تعمیر کے سلسلہ میں اگرچہ 12 مہینے کا وقت دیا ہے ۔ تاہم اندرون 10 ماہ کام کی تکمیل کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق کامپلکس میں چھٹویں منزل پر چیف منسٹر کا آفس رہے گا۔ کے سی آر کے لئے 6 کا ہندسہ لکی نمبر ہے ۔ لہذا وہ اپنا دفتر چھٹویں منزل پر رکھنا چاہتے ہیں۔ 350 سے زائد مندوبین کے لئے کانفرنس ہال تعمیر کیا جائے گا۔ کامپلکس میں ملازمین کے بچوں کی نگہداشت کا سنٹر قائم کیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ 7 دنوں میں انہدام اور ملبہ کی صفائی کا کام مکمل کرلیا جائے گا ۔ اس کے لئے ایک خانگی ادارہ کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ اسی دوران حکومت نے تمام محکمہ جات کے سربراہوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عارضی سکریٹریٹ کی عمارت بی آر کے بھون منتقل ہوجائیں۔ کئی محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹری اور سکریٹریز شہر میں واقع مختلف سرکاری عمارتوں سے کام کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے تمام محکمہ جات کو ایک چھت کے تلے لانے کیلئے سکریٹریز کو یہ ہدایت دی ہے ۔ بی آر کے بھون 10 منزلہ عمارت ہے اور تمام محکمہ جات کے ایک چھت کے تلے آنے سے سکریٹریٹ کی نئی عمارت کے تعمیری کام میں مدد مل سکتی ہے۔ سکریٹریٹ کے اطراف کے علاقہ کو عوام کی نقل و حرکت اور ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے لیکن عارضی سکریٹریٹ میں عہدیداروں کی منتقلی کے بعد بعض رعایتیں دی جاسکتی ہے۔ حکومت نے بی آر کے بھون کی مرمت اور تزئین نو کیلئے 10 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔