سکریٹریٹ کے سامنے دھرنا منظم کرنے کی کوشش ، بی جے پی قائدین گرفتار
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : نئے سکریٹریٹ کی بھاری خرچ پر تعمیر کے خلاف احتجاجاً سکریٹریٹ کے سامنے دھرنا منظم کرنے کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنادیا اور پارٹی قائدین کو مختلف پولیس اسٹیشنس لے جایا گیا ۔ بی جے پی ، این رامچندر راؤ ، راجہ سنگھ ایم ایل اے ، سی رامچندر کی قیادت میں اسٹیٹ سکریٹریٹ کے سامنے ایک دھرنا منظم کرنا چاہتی تھی تاکہ نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کو روکنے کا مطالبہ کرے اور اس بات پر زور دے کہ فنڈس کو ہاسپٹلس اور اسکولس کی تعمیر کے لیے خرچ کیا جائے اور حکومت کے خزانہ پر بوجھ نہ ڈالا جائے کیوں کہ ریاست پہلے ہی قرض میں ہے ۔ تاہم رامچندر راؤ ایم ایل سی کو ان کے اسٹیٹ سکریٹریٹ پہنچنے سے قبل ہی حبشی گوڑہ میں گرفتار کیا گیا اسی طرح راجہ سنگھ ، چنتالہ رامچندر اور دوسروں کو سکریٹریٹ کے قریب گرفتار کیا گیا اور انہیں مختلف پولیس اسٹیشنس لے جایا گیا ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے مسٹر این رامچندر راؤ نے کہا کہ بعض عمارتوں کو منہدم کر کے نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کرنا غیر ضروری ہے ۔ کئی عمارتوں کو 15 سال قبل تعمیر کیا گیا ہے اور انہیں مزید 15 تا 20 سال تک استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ سکریٹریٹ کی تعمیر پر بھاری رقم خرچ کرنے کے بجائے یہ فنڈس دواخانے اور اسکولس تعمیر کرنے کے لیے استعمال کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو فضول اخراجات نہیں کرنے چاہئے کیوں کہ ریاستی حکومت بھاری قرض میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات حیرت انگیز ہے کہ ایک جمہوری ملک کی ریاست تلنگانہ میں پولیس احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے ۔۔