نئے سکریٹریٹ کی تعمیر میں قیمتی سرخ پتھر کے استعمال کی تیاریاں

   


ریاستی وزیر پرشانت ریڈی نے پارلیمنٹ ہاؤز اور راشٹرپتی بھون کا دورہ کیا
حیدرآباد: تلنگانہ کے نئے سکریٹریٹ کامپلکس کی تعمیر میں ریڈ سینڈ اسٹون (سرخ پتھر) کے استعمال کا جائزہ لینے کیلئے وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے نئی دہلی کا دورہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤز اور راشٹرپتی بھون کے اطراف کی عمارتوں کا معائنہ کیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر وزیر عمارات و شوارع نے عہدیداروں اور تعمیرات کے ماہرین کے ساتھ دہلی کی مختلف تاریخی عمارتوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پارلیمنٹ اور راشٹرپتی بھون میں فاؤنٹین کے ڈیزائین کا بھی جائزہ لیا۔ محکمہ آر ا ینڈ بی کے اعلیٰ عہدیدار گنپتی ریڈی ، ششی دھر ، آرکیٹکٹ کے علاوہ سکریٹریٹ کامپلکس کی تعمیر کے ذمہ دار کنٹراکٹر شاہ پور جی کمپنی کے نمائندے لکشمن اور دیگر افراد دورہ میں شامل تھے۔ راشٹرپتی بھون کے اطراف کی عمارتوں میں استعمال کئے گئے ریڈ سینڈ اسٹون کا جائزہ لیا گیا۔ وجئے چوک میں موجود فاؤنٹین کا معائنہ کیا گیا۔ پرشانت ریڈی نے ساؤتھ اور نارتھ بلاکس کی عمارتوں کی تعمیر میں استعمال کردہ اشیاء کا جائزہ لیا اور مقامی عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے راشٹرپتی بھون کے احاطہ میں موجود عمارتوں کی طرز تعمیر کا جائزہ لیا جو فن تعمیر کا نادر نمونہ ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤز کے علاوہ ساؤتھ اور نارتھ بلاک کی تعمیر میں استعمال کئے گئے پتھر کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں۔ پارلیمنٹ راشٹرپتی بھون کے فوارے کے علاوہ اشوک ہال کا بھی ریاستی وزیر کی زیر قیادت ٹیم نے معائنہ کیا۔