نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے تلنگانہ کابینہ کی منظوری

   

حیدرآباد /6 ستمبر ( پی ٹی آئی ) حکومت تلنگانہ نے شہر میں نئے سکریٹریٹ کامپلکس کی تعمیر کی سفارش کرنے والی کابینی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کو منظوری دے دی ہے ، کیونکہ موجودہ سکریٹریٹ میں ردوبدل کرنا مناسب نہیں ہوگا ۔ دفتر چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کے گذشتہ شب جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق کابینی ذیلی کمیٹی نے ٹکنیکل کمیٹی کی رپورٹ کے تعلق سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور نیا سکریٹریٹ کامپلکس تعمیر کرنے کی سفارش کردی ۔ کابینی ذیلی کمیٹی کی مقررہ فنی کمیٹی نے موجودہ سکریٹریٹ کو مندہم کرتے ہوئے نئے سکریٹریٹ کامپلکس کی تعمیر کی سفارش کی ہے کیونکہ موجودہ عمارتوں میں ردوبدل کرنا کفایتی نہیں ہوگا ۔ کیونکہ اسے فائر سیفٹی اور دیگر فوائد کے مطابق بنانے کیلئے نئی تعمیر ضروری ہے ۔ اس پیانل نے اپنی رائے ظاہر کی کہ موجودہ عمارتوں میں ترمیم ممکن نہیں ہے کہ اسے مربوط سکریٹریٹ کامپلکس بنایا جاسکے ۔ کمیٹی نے کہا تھا کہ وہ پرزور سفارش کرتی ہے کہ حکومت فائر سیفٹی ، نیشنل بلڈنگ کوڈ اور انڈین گرین بلڈنگ کونسل کے قواعد کی تعمیل کرتے ہوئے نیا اسٹیٹ آف دی آرٹ سکریٹریٹ کامپلکس تعمیر کرنے پر غور کرسکتی ہے جو تلنگانہ کے شایان شان ہو ۔ تلنگانہ کابینہ نے قبل ازیں وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی کی سربراہی میں وزراء گروپ مقرر کیا تھا تاکہ نئے سکریٹریٹ اور اسمبلی کامپلکس کی تعمیر سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے ۔ کابینہ نے قطعی فیصلہ سازی کا اختیار چیف منسٹر کو تفویض کردیا تھا ۔ فنی کمیٹی کی سفارشات پر کابینی ذیلی کمیٹی نے 28 اگست 2019 کو تفصیلی غور و خوص کیا تھا اور ذیلی کمیٹی نے فنی کمیٹی کی رائے سے اتفاق کیا اور نئے سکریٹریٹ کامپلکس کی تعمیر کی سفارش کردی ۔ کابینی ذیلی کمیٹی نے اپنی رپورٹ 4 یوم قبل پیش کی تھی ۔