عنقریب ٹنڈرس کی طلبی ، ہر فلور کی تعمیر واستو کے مطابق ہوگی
حیدرآباد : حکومت نے نئے سکریٹریٹ کامپلکس کی تعمیر کیلئے 400 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے۔ محکمہ عمارات و شوارع نے اس سلسلہ میں انتظامی منظوری جاری کی ہے۔ آئندہ دو دنوں میں سرکاری طور پر ٹنڈر اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے ملک کی نامور کمپنیوں سے ٹنڈرس کی وصولی کا امکان ہے۔ آر اینڈ ڈی کے عہدیداروں کا آج عمارت کے ڈیزائن تیار کرنے والے ماہرین کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ واضح رہے کہ ریاستی کابینہ نے چہارشنبہ کو نئے کامپلکس کے پلان کو منظوری دے دی ہے۔ چیف منسٹر نے تمام عصری سہولتوں کے ساتھ کامپلکس کی تعمیر کی ہدایت دی ہے۔ 7 منزلہ کامپلکس میں چیف منسٹر کا دفتر ساتویں منزل پر رہے گا۔ وزراء ، چیف سکریٹری ، سکریٹریز اور حکومت کے مشیروں کے چیمبرس اسی کامپلکس میں ہوں گے ۔ ہر منزل پر ڈائننگ ہال ، میٹنگ ہال اور وزیٹرس کے لئے خصوصی ہال تعمیر کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے عمارت کے ہر حصہ کو واستو کے مطابق تعمیر کرنے کی ہدایت دی ہے۔