نئے سکریٹریٹ کے ڈیزائن پر چیف منسٹر کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس

   

Ferty9 Clinic

پلان میں بعض تبدیلیاں، عبادت گاہوں کا کوئی تذکرہ نہیں
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ سکریٹریٹ کے نئے کامپلکس کے ڈیزائن کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کامپلکس کے پلان میں کئی تبدیلیوں کی تجویز پیش کی۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ کامپلکس میں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ بہتر طور پر سرکاری کام کاج انجام دیا جاسکے۔ چیف منسٹر کے پرگتی بھون میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں ریاستی وزراء وی پرشانت ریڈی، پی اجئے کمار، حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما، چیف سکریٹری سومیش کمار، پرنسپل سکریٹری ایس نرسنگ راؤ، چیف منسٹر آفس کے عہدیدار سمیتا سبھروال، بھوپال ریڈی، انجینئر انچیف آر اینڈ بی گنپتی ریڈی، رویندر راؤ، مدھو سدن ریڈی، واستو کے اڈوائزر ایس سدھاکر تیجا اور آرکیٹکٹ آسکر پونی نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے کہا کہ نئے سکریٹریٹ، وزراء کے چیمبرس، چیف سکریٹری، سکریٹریز اور مشیروں کے چیمبرس میں تمام سہولتیں دستیاب رہیں۔ چیف منسٹر نے مشورہ دیا کہ تمام منزلوں پر ڈائیننگ ہال، میٹنگ ہال، وزیٹرس کیلئے گنجائش فراہم کی جائے۔ تمام گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام رہے۔ واضح رہے کہ سکریٹریٹ کے احاطہ میں حکومت نے تین عبادت گاہوں کو منہدم کردیا اور مسلمانوں کی جانب سے دونوں مساجد کی دوبارہ اسی مقام پر تعمیر کا مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن چیف منسٹر کے جائزہ اجلاس میں اس بارے میں کوئی غور و خوض نہیں ہوا۔ چیف منسٹر دفتر کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں عبادت گاہوں کا کوئی تذکرہ شامل نہیں ہے۔