نئے سیکریٹریٹ اور نئی اسمبلی کی عمارتوں کا سنگ بنیاد

,

   

مذہبی رسومات کے بعد تعمیری کاموں کا چیف منسٹر نے آغاز کیا، دونوں عمارتوں کو عصری سہولتوں سے لیس کرنے کا منصوبہ
حیدرآباد۔27جون(سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئے سیکریٹریٹ اور نئی اسمبلی و کونسل کی عمارتوں کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ چیف منسٹر پہلے سیکریٹریٹ پہنچے جہاں سیکریٹریٹ کی نئی عمارت کیلئے ’ڈی‘ بلاک کے عقب میں بھومی پوجا تقریب منعقد تھی۔ کے سی آر بھومی پوجا میں شرکت سے قبل سیکریٹریٹ میں اپنے چیمبر میں پہنچے جہاں چند لمحات گذارنے کے بعد وہ بھومی پوجا کے مقام پہنچے جہاں پجاریوں کی جانب سے سنگ بنیاد تقریب کے مذہبی رسومات انجام دی جا رہی تھیں ۔ چندرشیکھر راؤ نے سیکریٹریٹ عمارت کے تعمیری کاموں کا مذہبی رسومات کی انجام دہی کے ساتھ آغاز کیا ۔ اس موقع پر کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی کے ٹی راما راؤ ‘ ڈاکٹر کے کیشو راؤ‘ جناب محمد محمود علی ‘ مسٹر کے ایشور‘ مسٹر وی پرشانت ریڈی کے علاوہ دیگر وزراء اور اعلی عہدیدار بشمول چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی ‘ مشیر برائے حکومت مسٹر راجیو شرما اور دیگر موجود تھے۔ چیف منسٹر سیکریٹریٹ کی نئی عمارت کے تعمیری کاموں کے سنگ بنیاد کی تقریب کے فوری بعد ایرم منزل پہنچے جہاں انہوں نے ساز اسمبلی کی نئی عمارتوں کے تعمیری کاموں کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ اسمبلی و کونسل کی سنگ بنیاد تقریب میں کے سی آر کے ہمراہ اسپیکر اسمبلی مسٹر پوچارم سرینواس ‘ ڈپٹی اسپیکر مسٹر پدما راؤ گوڑ‘ نائب صدرنشین کونسل مسٹر این ودیاساگر کے علاوہ ارکان پارلیمان‘ ارکان اسمبلی و کونسل موجود تھے۔ایرم منزل کی تاریخی عمارت کے صحن میں نئی عمارتوں کی تعمیر کیلئے بھومی پوجا اور سنگ بنیاد تقریب میں بھی پجاریوں نے مذہبی رسومات اداکئے اور ان رسومات کے درمیان ہی چیف منسٹر نے سنگ بنیاد رکھا۔ حکومت کی جانب سے 400 کروڑ کی لاگت سے سیکریٹریٹ کی نئی عمارت کی تعمیر اور اسمبلی کی 100 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

سیکریٹریٹ کی تعمیر کی تفصیلات کے مطابق تلنگانہ کے دفاتر معتمدی کی عمارت 6لاکھ مربع فیٹ پر محیط ہوگی اور اس عمارت کی تعمیر کیلئے بہت جلد تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز کردیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹرنے اپنے چیمبر میں مختصر وقفہ گذارنے کے دوران سیکریٹریٹ کی عمارت کی تعمیر کے منصوبہ پر تبادلۂ خیال کیا اور انہوںنے آندھرا پردیش سے واپس لی جانے والی عمارتوں کی تفصیلات بھی حاصل کی ۔ چند رشیکھر راؤ نے ایرم منزل میں نئی اسمبلی اور سیکریٹریٹ کی عمارت کی تعمیر کے اقدامات پر بھی کابینی رفقاء کے علاوہ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا ۔ چندر شیکھر راؤ نے گذشتہ کابینی اجلاس کے دوران ان عمارتو ںکی از سر نو تعمیر کیلئے کابینہ کی منظوری حاصل کی تھی ۔ بتایاجاتا ہے کہ دونوں عمارتوں کو عصری سہولتوں سے آراستہ کیا جائیگا اور اسمبلی و کونسل کی عمارتوں کے درمیان سنٹرل ہال کی تعمیر عمل میں لائی جائیگی ۔پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال کے طرز پر کونسل و اسمبلی کے درمیان یہ ہال تعمیرا کرنے کا منصوبہ ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا کہ قانون ساز اداروں میں اعلی‘ معیاری اور عصری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی اور سیکریٹریٹ کی عمارت کو عصری سہولتوں سے مزین کیا جائیگا ۔ حکومت کے منصوبہ کے تحت ابھی فوری کسی بھی عمارت کو تعمیر کیلئے منہدم نہیں کیا جائے گا بلکہ کھلے مقامات سے تعمیری کاموں کی شروعات کی جائیگی اور بتدریج تعمیری کاموں میں تیزی لائی جائیگی۔