جاریہ سال تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت ۔ متعلقہ وزیر کا اجلاس
حیدرآباد۔ شہر میں نئے سیکریٹریٹ کی آئندہ سال تک تعمیر کو مکمل کرنے حکومت کی تعمیراتی کاموں کو تیز کردیا گیا ہے اور تعمیر کیلئے 2500 مزدور روزانہ کام کر رہے ہیں۔ وزیر عمارات و شوارع ویمولہ پرشانت ریڈی نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے تعمیر کے کامو ںکو تیز کردیا گیا ہے اور آئندہ سال سے قبل سیکریٹریٹ کی تعمیر کو مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ وزیر موصوف نے جائزہ اجلاس منعقد کرکے تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور کنٹراکٹ کمپنیوں کے ذمہ داروں سے بات چیت کی اور درکار اشیاء کے حصول کا جائزہ لیا۔ پرشانت ریڈی نے بتایا کہ نئے سیکریٹریٹ کی تعمیر کی جگہ پر مزدوروں کے قیام اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے علاوہ یومیہ 300 کیوبک میٹر تعمیراتی اشیاء کی تیاری کے مرکز کی تیاری عمل میں لائی گئی جہاں پر روزانہ 2500 سمنٹ کے تھیلوں کے ذریعہ تعمیراتی اشیاء کی تیاری عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ سیکریٹریٹ کی عمارت میں 200 پلر ہوں گے اور ان کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ پرشانت ریڈی نے بتایا کہ فی الحال ایک پلر کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے اور اس کیلئے 300 تھیلے سمنٹ کے علاوہ 40کیوبک میٹر کنکریٹ اور 4ٹن اسٹیل کا استعمال کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ نئے سیکریٹریٹ کی منظوری اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی خواہش کے عین مطابق تعمیر اندرون 12ماہ مکمل کرنے کو یقینی بنانے کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ نئی عمارت کی تعمیر کو کاموں کو تیز رفتار سے مکمل کرنے کمپنیوں کو جاریہ سال تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت دی جاچکی ہے ۔
