امیدواروں کے مجرمانہ پس منظر پر سپریم کورٹ کی ہدایات پر اقدام
نئی دہلی : سپریم کورٹ کی اس ہدایت کے چند دنوں بعد کے سیاسی پارٹیوں کو امیدواروں کے مجرمانہ پس منظر کے تعلق سے معلومات اپنی ویب سائیٹس کے ہوم پیج پر پیش کرنی ہوگی، الیکشن کمیشن نے مسلمہ سیاسی پارٹیوں کے سربراہوں کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے کہا ہیکہ اس نے ایک فنڈ تشکیل دیا ہے جس میں فاضل عدالت کی ہدایات کی تعمیل میں ناکامی پر تحقیر عدالت والے جرمانے ڈپازٹ کئے جاسکتے ہیں۔ کمیشن نے سیاسی پارٹیوں کو یاد دہانی بھی کرائی کہ اسے فاضل عدالت کی جانب سے ہدایت دی گئی ہیکہ تمام انتخابی امیدواروں کے مجرمانہ پس منظر کے تعلق سے معلومات کی دستیابی اور انہیں جاننے کے تعلق سے ہر ووٹر کو واقف کرانے کی وسیع تر مہم چلائی جائے۔ اس مقصد کیلئے اندرون چار ہفتے ایک فنڈ تشکیل دیا جانا تھا ۔ کمیشن کو یہ بھی ہدایت دی گئی تھی کہ ایک علحدہ سیل بنایا جائے جو درکار شرائط کی تکمیل کے سلسلہ میں نگرانی کرے گا تاکہ عدالت کو عدالتی احکام میں مصرحہ ہدایات کی کسی بھی سیاسی پارٹی کی جانب سے عدم تعمیل پر فوری واقف کرایا جاسکے۔