نئے فوجی افسران حب الوطنی کے جذبہ سے خدمت کریں: حسینہ

   

ڈھاکہ،12 دسمبر (یواین آئی)بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ نے اتوار کو نئے فوجی افسران سے حب الوطنی کے جذبہ کے ساتھ خدمت کرنے اور جدجہد آزادی کو برقرار رکھنے کی اپیل کی۔محترمہ حسینہ نے بھاٹیاری،چٹوگرام میں واقع بنگلہ دیش فوجی اکاڈمی (بی ایم اے ) کے پریڈ گراؤنڈ 81 ویں بی ایم اے لانگ کورس کے پاسنگ آؤٹ پریڈ کے کیڈیٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا،‘‘بنگلہ دیش نے اپنی آزادی اور سالمیت کو برقرار رکھنے کی طاقت حاصل کرلی ہے ۔ ہم لوگ امن میں یقین رکھتے ہیں کیونکہ بابائے قوم نے ہمیں سبھی سے دوستی ،کسی سے بیر نہ رکھنے کی خارجہ پالیسی دی ہے اور ہم اسی خارجہ پالیسی میں یقین رکھتے ہیں۔ لیکن اگر کوئی ہم پر حملہ کرتا ہے تو ہم میں اپنی آزادی اور سالمیت کی حفاظت کرنے کی صلاحیت ہے ۔’’نئے فوجی افسران کوملک کے بچے بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان افسروں کو عام لوگوں کے سکھ دکھ اور خوشی میں برابر کا حصہ دار بننا ہوگا اور عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔محترمہ حسینہ نے کہا،‘‘ یاد رکھیں ہم نے آزادی خون کی ندیاں بہاکر اور جدوجہد سے حاصل کی ہے ۔سخت محنت سے حاصل کی گئی اس آزادی کی حفاظت کو یقینی بنانا آپ کا فرض ہے ۔ انہوں نے نئے فوجی افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو مادروطن کی عظیم آزادی اور سالمیت کی حفاظت کرنے کا پاک فرض سونپا گیا ہے ۔