نئی دہلی:مرکز کی مودی حکومت کی جانب سے منظورہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی جانب سے 8 دسمبر کو ’بھارت بند‘ کا اعلان کیا گیا ہے۔ کسانوں کے اس فیصلے کی کئی سیاسی جماعتوں نے حمایت کی ہے۔ کانگریس قائد راہول گاندھی نے بھی ’بھارت بند‘ کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے اور سوشل میڈیا پر زرعی قوانین کو ’اڈانی۔امبانی زرعی قوانین‘ کا نام دیا ہے۔ر اہول نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ 8 دسمبر کو کسان انقلاب کی حمایت میں پرامن بھارت بند ہے۔ ہم اس کی مکمل طور سے حمایت کریں گے۔ کانگریس لیڈر نے مزید لکھا کہ ہندوستان کے اَن داتا سے مظالم اور ناانصافی ناقابل برداشت ہے۔ اڈانی ۔ امبانی زرعی قانون واپس لو۔را ہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں کسانوں کے تئیں مودی حکومت کے ذریعہ کی گئی سختی کو بیان کیا گیاہے۔
