نئے معاشی و صنعتی زونس کے ذریعہ سرمایہ کاری کے حصول کی کوشش

   

یادادری میں گرین پارک کا افتتاح ، وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔4نومبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ریاست میں نئے معاشی زون‘ صنعتی زون اور دیگر اقدامات کے ذریعہ دیہی علاقوں کی اہمیت میں اضافہ اور سرمایہ کاری کے حصول کی کوشش کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں اب تک جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس کے مطابق ریاست میں تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن نے کئی اہم فیصلہ کئے ہیں جن کے تحت کھمم ‘ ورنگل‘ ظہیرآباد‘ میدک ‘ سدی پیٹ‘ نظام آباد اور رنگاریڈی میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے جو منصوبہ تیار کیا گیا تھا اس کے مطابق ریاست میں 46ہزار ایکڑ اراضیات کے استعمال کے ذریعہ 80ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی تھی اور اب جو منصوبہ پر عمل کیا جا رہاہے اس کے مطابق ٹائر II شہروں کے قریب 35ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔گذشتہ دنوں ریاستی وزیر مسٹر کے ٹی راما راؤ نے یادادری بھونگیر ضلع میں TIF-MSMEگرین پارک کا افتتاح انجام دیا جو کہ انتہائی اہم خصوصی صنعتی زون کے طور پر فروغ دیا جا رہاہے جہاں آلودگی سے پاک صنعتیں قائم کرنیکا منصوبہ ہے بتایاجاتا ہے کہ 471ایکڑ پر محیط اس خصوصی صنعتی زون میں 750کروڑ کی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔اس کے علاوہ ضلع ورنگل میں کاکتیہ میگا ٹیکسٹائل پارک کے قیام کو منظوری دی گئی ہے جو کہ 2000 ایکڑ پر محیط ہوگا اور اس صنعتی پارک میں 11ہزار564 کروڑ کی سرمایہ کاری کا امکان ہے اور اس صنعتی پارک کے قیام سے 1لاکھ 13 ہزار افراد کو ملازمت حاصل ہونے کی توقع ہے۔ 13ہزار 300 کروڑ کی سرمایہ کاری سے 12ہزار 635ایکڑ اراضی پر ظہیر آباد میں قائم کئے جانے والے صنعتی پارک میں 2لاکھ 77ہزار افراد کو ملازمت حاصل ہونے کا امکان ہے۔کھمم میں حکومت نے میگا فوڈ پارک کے قیام کا منصوبہ تیار کیا ہے جو کہ 60ایکڑ پر محیط ہے۔ اسی طرح کے ایک اور فوڈ پارک کا سدی پیٹ میں 150ایکڑ پر قیام کا منصوبہ ہے۔اشیائے خورد و نوش اور اسناکس کی تیاری کیلئے کوکا کولا نے بھی اس فوڈ پارک میں 1000 کروڑ کی سرمایہ کاری کا ارادہ ظاہر کیا ہے اس کے علاوہ دیگر کمپنیو ںکی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا جانے لگا ہے۔نظام آباد میں 40ایکڑ پر محیط اراضی پر مصالحہ جات کی صنعت کو اراضیات کی تخصیص کے ذریعہ فوڈ پارک کی ترقی کا منصوبہ ہے جبکہ رنگاریڈی ضلع میںپلاسٹک پارک کے علاوہ توپران ‘ مہیشورم‘ راویرالہ اور وقارآباد میں بھی فوڈ پارک کے قیام کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق ریاست میں کارپوریشن کی جانب سے 23 صنعتی پارکس کے قیام کے لئے 1825کروڑ روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں اور اس کے لئے فوری طور پر 39ہزار ایکڑ اراضیات کو ترقی دی جارہی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ان صنعتی پارکس کے علاوہ ورنگل ‘ کریم نگر‘ نظام آباد میں انفارمیشن ٹکنالوجی پارک کی ترقی کا منصوبہ ہے تاکہ دیہی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے اضلاع سے قریب صنعتی پارکس کے قیام کو ممکن بنایا جائے اور نوجوانو ںکو ملازمتوں کے مواقع فراہم کئے جائیں ۔ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے اس منصوبہ کے متعلق عہدیداروں کا کہناہے کہ کئی سرکردہ کمپنیوں کی جانب سے ریاست میں فروغ دیئے جانے والے ان صنعتی پارکس کی ترقی کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا جانے لگا ہے اور کمپنیوں کی دلچسپی اور سرمایہ کاری کے ارادہ کو دیکھتے ہوئے یہ اندازہ لگایا جارہا ہے کہ آئندہ برسوں میں 35ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔