نئے موٹر وہیکلس ایکٹ کے قواعد پر تلنگانہ میں ہنوز عمل درآمد کیا جانا ہے: انیل کمار

   

حیدرآباد 5 ستمبر (سیاست نیوز) نئے موٹر وہیکلس ایکٹ کے قواعد پر ریاست تلنگانہ میں ہنوز عمل درآمد کیا جانا ہے کیوں کہ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تاحال اس سلسلہ میں کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا ہے اس لئے ان قواعد پر عمل درآمد نہیں کیا گیا ہے۔ انیل کمار، ایڈیشنل کمشنر آف پولیس (ٹریفک)، حیدرآباد سٹی نے کہا ’’حیدرآباد اور پوری ریاست تلنگانہ میں نئے موٹر وہیکلس امینڈمنٹ ایکٹ 2019 کے قواعد پر اسی وقت عمل درآمد ہوگا جب اسٹیٹ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ اس سلسلہ میں حکم جاری کرے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں ماہ اگسٹ میں اس قانون کو منظور کروانے کے بعد حیدرآباد ٹریفک پولیس نے عوام کو اس ایکٹ کے قواعد سے واقف کروانے کے لئے ایک مہم شروع کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم نے پوسٹرس تیار کئے اور انھیں اہم مقامات پر لگائے جس میں اس قانون کے قواعد کے بارے میں عوام کو واقف کروایا گیا۔ عوام کو ٹریفک قواعد پر عمل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انیل کمار نے کہاکہ ہمیں اس بات کو ذہن میں رکھنا چاہئے کہ یہ قواعد سماج کے فائدہ کے لئے ہیں۔